کراچی کنگز کی شکستوں کی ہیٹرک، فخر نے قلندر کو جتوا دیا

فوٹو : پی ایس ایل سیون

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)کراچی کنگز کی شکستوں کی ہیٹرک، فخر نے قلندر کو جتوا دیا، بابراعظم کی زیر قیادت بڑی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ طویل ہونے لگا.

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

لاہور قلندرز نےکراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 171رنز کا ہدف آخری اوور میں4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخرزمان 106 رنز بناکر نمایاں رہے، سمت پٹیل نے وننگ شاٹ کھیلا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کےکپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر کنگز کے کپتان بابر اعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بنائے،شرجیل خان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کی بیٹنگ کا آغاز اوپنر شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا دونوں کے درمیان 84 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، شرجیل 39 گیندوں پر 60 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کی دوسری وکٹ 106 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد نبی 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جو کلارک 24 رنز بناسکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی، زمان، راشد خان اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.

قلندر کا171 رنزکے ہدف کے تعاقب میں لاہور کا آغاز متاثر کن نہ رہا ، اوپنر عبداللہ شفیق 8 رنز بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد نئے آنے والے بیٹر کامران غلام بھی جم کر نہ کھیل سکے اور صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے.

قلندرز کو تیسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 24 رنز بناکر آوٹ ہوئے، جبکہ فخزر زمان نے پی ایس ایل کی گیارہویں سنچری اسکور کی۔

انہوں نے 60 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ 19ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے، ان کی اس اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

Comments are closed.