کراچی میں دفن شدہ جنگی اسلحہ کا ذخیر ہ برآمد ، ہیلی و ٹینک کے پرزے شامل

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کراچی میں دفن شدہ جنگی اسلحہ کا ذخیر ہ برآمد ، ہیلی و ٹینک کے پرزے شامل ہیں،برآمد شدہ پرانی رائفلیں، پستول، ریوالور، اینٹی ٹینک، اینٹی ایئرکرافٹ، راکٹ و لانچرز زنگ آلود ہیں۔

اسلحہ کا ذخیرہ کراچی کے ضلع وسطی کے اولڈ سٹی ایریا میں ایک گودام کی کھدائی کے دوران ملا ہے جو کہ زمین میں دفنایا گیا تھا،بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور ہیلی کاپٹر و ٹینک سمیت دیگر ہتھیاروں کے زنگ آلود پرزے برآمد ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی ضلع وسطی غلام مرتضیٰ تبسم کی سربراہی میں پولیس نے نیپئرتھانے کے علاقے لی مارکیٹ میں چینی کے برتنوں کے گودام پرچھاپہ مارا تھا گودام میں کھدائی کے دوران زمین میں دفنایا ہو زنگ آلود اسلحہ برآمد ہوا۔

اسلحے سے متعلق ڈی ایس پی نیو کراچی معین الدین نے بتایا کہ برآمد ہونے والے اسلحے میں پرانی رائفلیں، پستول، ریوالور، اینٹی ٹینک، اینٹی ایئرکرافٹ، راکٹ و لانچر اور اینی ٹینک گن سمیت دیگر ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں۔

ڈی ایس پی کے مطابق برامد ہونے والا اسلحہ جنگوں میں استعمال کیا جاتا ہے،ان کا کہنا تھاکہ پولیس نے ایک پرانی بلڈنگ کے فرش کی کھدائی کی تو ہتھیاروں کی بڑی کھیپ نکل آئی۔

برآمد ہونے والے اسلحہ ذخیرہ سے متعلق کہا جارہاہے کہ یہ ایک اندازے کے مطابق کم از کم دس سال پہلے محفوظ کیے بغیر ہی زمین میں دفنادیا گیا تھا اسی لئے ناکارہ ہو چکاہے ۔

جہاں سے یہ اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ پرانی عمارت ہے جو چینی برتنوں کے گودام کے طور پر استعمال ہوتی تھی، اس عمارت کے مختلف حصوں کی کھدائی کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ہتھیار اگر درست حالت میں ہوتے تو بڑی تباہی کے لیے استعمال ہوسکتے تھے ۔

یہ اسلحہ برسوں سے زمین میں دبا رہنے کی وجہ سے ناکارہ ہوا ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی تمام گولہ بارود کا معائنہ کیا،اخری وقث تک پولیس کی جانب سے عمارت میں کھدائی کا سلسلہ جاری تھا۔

گودام مالک نے کس سے گودام کرائے پرحاصل کیا تھااس حوالے سے پولیس تحقیقات کرے گی،کئی سال پہلے گودام کا مالک کون تھااس کی تحقیقات اسلحہ کی مکمل برآمدگی کے بعد مختلف پہلوؤں سے تفتیش ہو گی۔
واضح رہے کراچی شہر ایک عرصہ تک دہشتگردی کا بھی نشانہ بنا رہاہے اور یہاں مختلف علاقوں میں دہشتگردی واقعات میں سیکڑوں لوگ قتل کئے گئے 

Comments are closed.