تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق فیصلہ التواء کا شکار

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق فیصلہ التواء کا شکار ہو گیا، بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا آج ہونے والا اجلاس آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں سے متعلق آج اہم فیصلہ کرنا تھا تاہم بین الصوبائی وزرائے تعلیم کااجلاس نہ ہو سکا۔

حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز اور اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے تعلیمی ادارے کھلے یا بند رکھنے سے متعلق فیصلے کے لیے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اجلاس اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے تب تک مزید اعدادوشمار کی روشنی میں کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے گا.

پاکستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور شرح 6 فیصد تک جا پہنچی ہے جب کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی سب سے بلند شرح کراچی میں ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا نےجہاں معاملات زندگی کو بری طرح متاثر کیا وہیں تعلیم کا بھی ہرج ہوا اور تعلیمی ادارے بند رہے اور بچوں کو بغیر امتحانات کے اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی گئی۔

Comments are closed.