چیئرمین پی سی بی رمیض راجہ کے وژن کا معترف ہوں، ارشد خان تنولی
فوٹو: فائل
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کشمیر پریمئر لیگ کے چیئرمین ارشد خان تنولی کا کہناہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیض راجہ کے وژن کا معترف ہوں، ارشد خان تنولی نے کہا کہ جب سے انھوں نے چیئرمین پی سی بی کی ذمہ داری سنھبالی ہے قومی کرکٹ میں بہتر ی آئی ہے۔
ارشد خان تنولی نے کہا کہ رمیض راجہ کی کرکٹ کے فروغ اور خاص کر جدید تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی قابل قدر ہے ، وہ جانتے ہیں کہ قومی کرکٹ کامعیار بڑھانے کیلئے صرف کرکٹ کھیلنے پر توجہ کافی نہیں ہوتی بلکہ کرکٹ میں جدیدیت کو اپنانا بھی ضروری ہے۔
کشمیر پریمئر لیگ کا دوسرا سیزن پہلے سے بہتر ہوگا، ارشد خان تنولی چیئرمین کے پی ایل کہتے ہیں دوسرے سیزن میں غیر ملکیوں کی ٹیموں میں شمولیت ممکن بنانے کیلئے پی سی بی سے مشاورت کریں گے۔
مظفر آباد ٹائیگر کے مالک ارشد خان تنولی کا کہناہے کہ کشمیر پریمئر لیگ کی چیئرمین شپ کی زمہ داری ملنے کے بعد میرا کردار تبدیل ہو گیاہے اور میں اب صرف ایک فرنچائز کووقت نہیں دے سکتااسے خیر باد کہنا ہے۔
اردو خبروں کی معروف ویب سائٹ’زمینی حقائق ڈاٹ کام’کو انٹرویو میں ارشد خان تنولی نے آزاد کشمیر میں کرکٹ سمیت کرکٹ کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا اورکہا کہ کے پی ایل کا دوسرا سیزن مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
چیئرمین کشمیر پریمئر لیگ نے کہا کہ کے پی ایل سیزن ٹو کی ڈرافٹنگ میں کھلاڑی تبدیل ہو کر دوسری ٹیموں میں جائیں گے، یہ پالیسی اب زیر غور ہے کہ کتنے کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جائے،نئے پلیئرز کیلئے ایمرجنگ کیٹیگری بہت پرکشش ہو تی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کشمیر پریمئر کرکٹ لیگ ایک انٹرنیشنل لیگ ہے اس میں بین الاقوامی کرکٹرز کی شمولیت پر کام ہو رہاہے، ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی آفیشلز تو گزشتہ لیگ کا بھی حصہ رہے ہیں ہم چاہتے ہیں آئندہ غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بڑا ٹیلنٹ ہے اور ظاہر ہے جب کے پی ایل لیگ کا تسلسل ہو گا تو آزاد کشمیر کے لڑکے بھی قومی کرکٹ کا حصہ بنیں گے ، انھوں نے کہا میری کوشش ہو گی کہ ایمرجنگ کی کیٹیگری میں آگے آنے والے کھلاڑی اپنی صلاحیتیں منواہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ارشد خان تنولی کا کہنا تھاصرف آزاد کشمیر ہی نہیں میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر جگہ کام کرنے کو تیارہوں، حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات میں ہزارہ کرکٹ کلب کے ساتھ ایک مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن سمیت ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کررہا ہوں ،کشمیر پریمئر لیگ کی کامیابی کے بعدکرکٹ کے آرگنائزرز، پلیئرز اور کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون کرنے والے ادارے زیادہ متحرک دکھائی دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین کشمیر پریمئر لیگ ارشد خان تنولی کا تعلق ہزارہ ڈویژن کے ضلع ہری پور سے ہے اور وہ تعمیراتی شعبہ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور ایک عرصہ سے اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔
Comments are closed.