سیالکوٹ غیر ملکی قتل، 900 ملازمین کیخلاف مقدمہ درج، 100 گرفتار

لاہور(ویب ڈیسک) سیالکوٹ غیر ملکی قتل، 900 ملازمین کیخلاف مقدمہ درج، 100 گرفتار کر لئے گئے جن میں فیکٹری سے باہر کے لوگ بھی شامل ہیں۔

سیالکوٹ میں گزشتہ روز ایک فیکٹری میں غیر ملکی منیجر کو قتل کردیا گیا تھا پولیس نے واقعے میں فیکٹری میں کام کرنے والے 900 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کی طرف سے درج کئے گئے مقدمے میں دہشت گردی ،قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے آر پی او گوجرانولہ کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے 50 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں، اب تک 100 سے زائد افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں گرفتار ہونے والوں میں فیکٹری سے باہر کے ملزمان شامل ہیں۔

دوسری طرف گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان تحقیقات کی نگرانی کررہے ہیں سیالکوٹ واقعہ کے ذمہ دار بچ نہیں سکیں گے۔

ٹوئٹر پر بیان میں گورنر پنجاب چوہدری سرور خان نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ پوری قوم کے لیے باعث شرمندگی ہے قانون ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس واقعے کی وزیر اعظم اور آرمی چیف شدید مذمت کرچکے ہیں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے۔

وزیرِ اعظم واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہے ہیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں۔ اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے سول انتظامیہ کو مدد فراہم کی جائے گی۔

Comments are closed.