وزیراعظم نے 5نئے قونصل خانے قائم کرنے کی منظوری دے دی
فوٹو: فائل
اسلام آباد( ویب ڈیسک)وزیراعظم نے 5نئے قونصل خانے قائم کرنے کی منظوری دے دی، نئے قونصل خانوں کے قیام کامقصد پاکستان اور مختلف ممالک کے درمیان تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے اٹلانٹا، میونخ، ناپولی، نجف اور کربلا میں قونصل خانے کھولنے کی تجویز کی وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دی،
یہ قونصل خانے امر یکہ، جرمنی، ترکی اور عراق کے شہروں میں کھولے جائیں گے۔
اس حوالے سے جنگ کی رپورٹ میں دفتر خارجہ کے ذرائع سے بتایا گیاہے کہ اٹلانٹا، میونخ، ناپولی، نجف اور کربلا میں قونصل خانے کھولنے کی تجویز دی تھی جسے وزیراعظم عمران خان نے منظور کرلیا جس کی وزیر اعظم ہاؤس نے بھی تصدیق کی ہے۔
اب تک پاکستان کے 87 ممالک میں 114 قونصل خانے قائم ہیں، میونخ، اٹلانٹا، ناپولی، نجف اور کربلا سے ہزاروں پاکستانیوں نے وزارت خارجہ سے قونصل خانے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
قومی اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں بھی بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد کو میونخ اور اس کے نواحی علاقوں جنوبی جرمنی کی ریاست باواریا میں آزاد قونصل خانے کی ضروت ہے کیونکہ جرمن ریاست باواریا میں تقریباً 35 ہزار پاکسانی مقیم ہیں۔
ان میں طلبا، کاروباری افراد اور نوکری پیشہ افراد شامل ہیں جب کہ تقریباً 15 ہزار پاکستانی نژاد جرمن شہری بھی یہاں مقیم ہیں۔ فی الوقت باواریا ، فرینکفرٹ کے قونصل خانے کے دائرے میں آتا ہے جو تقریباً میونخ سے 400 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی اٹلی میں تقریباً 25 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جو قونصلر خدمات کے حصول کے لیے 5-6 گھنٹوں کا سفر کرکے روم پہنچتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ناپولی میں قونصل خانے کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی میں وزارت خارجہ کے جمع کیے گئے جواب کے مطابق، اٹلانٹا (جارجیا) میں تقریباً 35 ہزار پاکستانی رہائش پذیر ہیں جو طویل عرصے سے یہاں قونصل خانہ کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
فی الحال یہاں کے امور کی نگرانی ہمارا ہوسٹن کا قونصل خانہ کررہا ہے، جو کہ مجموعی طور پر 10 ریاستوں کے تقریباً 5 لاکھ پاکستانیوں کو خدمات فراہم کررہا ہے نئے قونصل خانوں کا مقصد وہاں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
Comments are closed.