پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج پاور شو ہوگا
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس آج پاور شو ہوگا، حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق اور انتخابی اصلاحات سمیت کئی اہم بل منظوری کے لیے پیش کرے گی.
حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج 12 بجے طلب کیا ہے، اپوزیشن نے بھی حکومتی قانون سازی کا راستہ روکنے کیلئے صف بندی کی ہوئی ہے. مشترکہ اجلاس کیلئے 60 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے
مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ہمارے حق میں ووٹ دیں گے، قانون عوامی مفاد کے لیے ہے کسی کو فائدہ دینے کے لیے نہیں۔
انھوں نے کہا اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا دروازہ آج بھی کھلا رکھیں گے جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کے نمبرز پورے ہیں تحریک انصاف کے اراکین بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں.
اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق دو بل پیش کیے جائیں گے۔ الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز ای وی ایم اور سمندر پار پاکستانیوں کے انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق ہیں۔ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل میں ووٹرز فہرستوں کا اختیار نادرا کو دینے کی ترمیم شامل ہے۔
کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف نظرثانی بل ایجنڈے کا حصہ ہے، انسداد جنسی زیادتی تحقیقات اور ٹرائل کا بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے جو خصوصی تحقیقاتی ٹیمز اور عدالتوں کی تشکیل سے متعلق ہے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنیکل اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام، خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کی روک تھام سے متعلق کریمنل لاء ترمیمی بل اور بچوں کی جسمانی سزا کے تدارک کا بل بھی شامل ہے۔
Comments are closed.