مہنگائی صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے،وزیراعظم
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے مہنگائی صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت کم مہنگائی ہے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کور کمیٹی کو مہنگائی کے اسباب اور حقائق سے عوام کا آگاہ کرنے کی ہدایت کردی، ارکان اسمبلی سے بھی کہا کہ وہ مہنگائی کی وجوعات سے متعلق عوام کو بتائیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت کم مہنگائی ہے، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ مراعات اور سبسڈی بھی دے رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی صورتحال، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز کے ووٹ کا حق دینے سے متعلق امور کا جائزہ لیاگیا۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہیں تاکہ عوام تک مقامی نمائندوں کی رسائی ہو، اس موقع پر انھوں نے سیف اللّٰہ نیازی اور عامر کیانی کو ہدایت کی اس مقصد کیلئے آپ پنجاب کے دورے کریں۔
عام انتخابات میں الیکٹرانک مشین کے استعمال سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن ہر صورت میں ووٹنگ مشین سے ہی ہوگا،انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا کہ وہ تیار رہیں ہم ان کو ووٹ کا حق لے کر دیں گے۔
کور کمیٹی اجلاس میں پارٹی اور حکومتی سطح پر 12 ربیع الاوّل شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے ملک بھر میں ہفتہ عید میلاد النبی شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بھی کور کمیٹی ارکان کو بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے افغانستان میں امن کا قیام ناگزیر ہے۔
Comments are closed.