افغان کرکٹر راشد خان کی کپتانی چھوڑنے کی وجہ کچھ اور ہے

مشاورت نہ کرنے کااعتراض کیالیکن کسی کانام نہیں لیا

محبوب الرحمان تنولی

اسلام آباد:افغانستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ کیلئے اعلان کے چند منٹ بعد ہی کپتانی چھوڑنے کااعلان کرنے والے راشد خان کو بظاہر ٹیم سلیکشن میں مشاورت نہ ہونے پر اعتراض ہے لیکن وہ کچھ دیگر مسائل میں بھی الجھے ہوئے ہیں۔

افغانستان کی حالیہ صورتحال پر جہاں ملک سمیت دنیا بھر میں بسنے والے افغانی پریشان ہیں اسی طرح افغان اسٹار لیگ اسپنر راشد خان بھی تشویش اور ذہنی الجھاو کا شکار ہیں جس کا انھوں نے حالیہ دنوں میں اظہار کیا۔

راشد خان نے 10اگست کو افغانستان میں تباہی کے مناظر پر مبنی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے عالمی رہنماوں سے کہا ہم امن چاہتے ہیں ہمیں افراتفری میں مت چھوڑیں۔ افغانیوں کو مارنا اور افغانستان کے جھنڈے کو تباہ کرنا بند کریں۔

افغانستان کے اسٹار کرکٹر نے لکھا تھا کہ میرا ملک افراتفری کا شکار ہے ، بچوں اور عورتوں سمیت ہزاروں بے گناہ لوگ روزانہ شہید ہوتے ہیں ، مکانات اور املاک تباہ ہوتی ہیں۔ ہزاروں خاندان بے گھر ہوتے ہیں۔

دس اگست کو ہی ایک اور ٹویٹ میں راشد خان نے افغانستان میں متاثرہ افراد کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہنگامی آن لائن فنڈز کے زریعے مدد کی اپیل کی تھی ان کا کہنا تھاکہ افغانستان میں جاری جنگ انسانی بحران کا باعث بنی ہے۔

راشد خان نے 19اگست کو ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھاآج ہم اپنی قوم کی قدر کرنے کے لیے کچھ وقت نکالیں اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہ کریں۔ ہم پرامن ، ترقی یافتہ اور متحدہ قوم کے لیے امید اور دعا کرتے ہیں۔

اسی طرح 26اگست کو بھی افغان کرکٹر راشد خان نے افغانستان میں لوگوں کے مرنے پر کہا تھا کہ کابل پھر لہولہو ہے ، افغانستان میں قتل عام بند کریں پلیز۔

http://

راشد خان کے حالیہ خیالات سے اندازہ ہوتاہے وہ ذہنی الجھاو کا شکار ہیں اس لئے انھوں نے کپتانی جیسی بڑی ذمہ داری سے خود کو الگ کیاہے اور سلیکشن کو صرف بنیاد بنا یاہے اور وہ ورلڈ کپ ریلیکس رہ کر کھیلنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز راشد خان نے افغان کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کااعلان کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ انھیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے منتخب کردہ اسکواڈ کے حوالے سے تحفظات ہیں اسی لئے  ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری طرف افغان میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ٹیم کے کپتان مقرر کیے جانے والے راشد خان نے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

راشد خان کے مطابق ٹیم کے انتخاب کیلئے ان سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی۔ کپتان ہونے کی وجہ سے ٹیم سلیکشن سے متعلق ان کی رائے لی جانی چاہیے تھی، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔

 

اسی اعتراض کے باعث راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے سے معذرت کر لی، تاہم وہ ٹیم کا حصہ ہی رہیں گے ، راشد خان نے ٹیم کے انتخاب پر اعتراض کے باوجود کسی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے یا نکالنے کے حوالے سے نام نہیں لیا۔

http://

Comments are closed.