ترجمان پاک فوج نے طیارے سے متعلق بھارتی پراپیگنڈا بے نقاب کردیا

راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)افغانستان کے صوبے پنجشیر میں دکھایا جانے والا طیارہ پاکستان کا نہیں بلکہ امریکہ کاہے جو کہ 2018میں گرایا گیا تھا ، ترجمان پاک فوج نے بھارت کا پراپیگنڈا بے نقاب کردیا۔

اس حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی میڈیا کے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے کو مسترد کر تے ہوئے سرکاری طورپر وضاحت کردی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان کے اندر جو بھی ہو رہا ہے اس سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ، چاہے وہ پنجشیر ہو یا کہیں اور علاقہ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جس گرائے گئے ایف سولہ طیارے سے متعلق پراپیگنڈا کیاہے یہ پاکستان ائیر فورس کا طیارہ ہے، وہ اپریل 2018 میں امریکا میں گرنے والا ایف سولہ طیارہ تھا۔

اپریل 2018میں امریکی ائیر فورس کا یہ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے گرا تھا۔ اس واقعے کو امریکی میڈیا میں رپورٹ بھی کیا گیا تھا، امریکی ائیرفورس کا یہ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے گرا اور پائلٹ بھی محفوظ رہا تھا۔

بھارتی میڈیا نے ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ پاکستانی طیاروں کی وادی پنجشیر میں کارروائیوں اور ائیر ڈیفنس کی ویڈیو ہے تاہم وہ ویڈیو بھی ایک ویڈیو گم کی نکلی ہے۔

میجر جنرل بابر افتخارنے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے پنجشیر سے متعلق بھارتی الزامات اور افواہوں کو مکمل طور پر جھوٹ اور بھارت کا نامعقول پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کردیا۔

واضح رہے گزشتہ روز افغان میڈیا کے ٹوئٹر اکاوئنٹ پر بھی اس طیارے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ یہ پاکستانی ایف سولہ ہے تاہم اسی پوسٹ کے نیچے درجنوں افراد نے امریکی طیارے کی اصل خبر کا لنک شیئر کرکے جھوٹ بے نقاب کردیا تھا۔

دوسری طرف افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد اور سہیل شاہین بھی بار بار بھارت سے طالبان سے متعلق پراپیگنڈا بند کرنے کا کہہ چکے ہیں ان کا موقف ہے بھارت کا افغانستان سے بوریا بستر گول ہو گیاہے اور اسی بات کا بھارت کو رنج ہے جس کااظہار پراپیگنڈا کے زریعے کیا جارہاہے۔

Comments are closed.