شہباز شریف نے رمضان شوگر ملز سے متعلق عدات کو کیابتایا؟

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے واضح کیاہے کہ میرا رمضان شوگرملز کے ساتھ کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔

شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شریف مالیاتی اسکینڈل معاملے میں ایف آئی اے بینکنگ جرائم کورٹ میں پیش ہوئے اور یہ بیان انھوں نے لاہور کی بینکنگ کورٹ کے روبرو دیاہے۔

عدالت میں دائر درخواست کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کے تفتیشی افسر بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے اس دوران بینکنگ کورٹ کے جج نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ الزام کیا ہے اور تفتیش کس مرحلے پر ہے؟

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ کچھ اکاونٹس کھولے گئے جن میں خفیہ ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں،اس موقع پر شہباز شریف جج کی اجازت سے روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ یہ کیس نیب میں دائر کیس کی ہی نقل ہے، میرا رمضان شوگر ملز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں شوگر مل کا نہ ڈائریکٹر ہوں اور نہ ہی کوئی تنخواہ لیتا ہوں بلکہ میں نے وزارتِ اعلیٰ کے دوران جو کام کیئے اس سے شوگر مل کو نقصان ہوا ہے، عدالت نے کہا کہ اگر یہ کیس نیب کا ہے تو آپ ہائر فورم پر رجوع کرسکتے ہیں۔

بینکنگ کورٹ کے جج نے ایف آئی اے سے کیس کی فائل مانگ لی اور سوال کیا کہ 2 ماہ میں 4 لائنیں لکھنے کے علاوہ ایف آئی اے نے کیا کیا ہے؟عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ ہوائی باتیں عدالت میں نہ کریں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر بتائیں کہ تفتیش میں کیا پیش رفت ہوئی ہے،اس دوران حمزہ شہباز کا موقف تھا کہ قید کے دوران ایف آئی اے والے مجھ سے تفتیش کرتے رہے، اب گرفتار کرنا چاہتے ہیں؟

عدالت نے سماعت کے دوران تفتیشی افسر کو ہدایت جاری کرنے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع کر دی۔

 

Comments are closed.