افغانستان کو تنہا چھوڑا تو خانہ جنگی کے خطرات پیدا ہونگے، وزیر خارجہ

فوٹو: ریڈیو پاکستان



اسلام آباد ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیاہے کہ اگر افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو یہ ملک پھر خانہ جنگی جیسے بحران میں جانے کا خطرہ ہے ، انھوں نے کہا کہ کئی بار کہہ چکے ہیں ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے، ہم عوامی حمایت پر بننے والی حکومت سے تعاون کریں گے۔

برطانوی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات سمجھنے کی ضرورت ہے، افغانستان سے متعلق اب تک تمام پیش گوئیاں اور اندازے غلط ثابت ہوئے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا برطانوی وزیرخارجہ کودورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں ،افغانستان کی تازہ صورتحال سمیت پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات ہوئی ،برطانوی وزیرخارجہ کو بتایا کہ افغان معاملے پر کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

برطانیہ کا افغانستان کے پڑوسی ممالک کیلئے3کروڑ پاونڈ امداد کااعلان

ا س سے قبل آج دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مزاکرات ہوئے،برطانیہ کے خارجہ امور کے وزیر ڈومینک راب نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسیوں کے لئے انسانی زندگیوں کے تحفظ کی مد میں تین کروڑ پاؤنڈ امداد جاری کر رہاہے۔

ڈومینک راب نے کہا کہ امداد کا مقصد افغان مہاجرین کو پناہ، گھریلو اشیائے ضروریات اور صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس مسئلے کو سمجھتا ہے اور وہ اس کے حل کیلئے پاکستان جیسے اہم شراکت دار کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کی صورتحال کا اندازہ ہے اور وہ انسانی بنیادوں پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا، برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کے دوران ضروریات زندگی کی فراہمی اور علاقائی استحکام سے متعلق معاملات زیر غور آئے اور اتفاق کیا گیا کہ افغان سرزمین کو دوبارہ دہشت گردوں کی آماجگاہ بننے نہیں دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کو تعمیری اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے DOMINIC RAAB نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مضبوط تعلقات کے حامل ہیں،انہوں نے کہا کہ ان کا ملک اس تعلق کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے ایک پلیٹ فارم قائم کر لیا ہے،میَں نے برطانوی وزیر خارجہ کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا ، برطانیہ سے کہا ہے کہ وہ فیٹف میں پاکستان کی مدد کرے۔

Comments are closed.