خواتین اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزاریں، شاہد آفریدی

0


نواب شاہ (زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسٹار آل راونڈراور سابق کپتان شاہد آفریدی نے لڑکیوں کو اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کا مشورہ دیا ہے۔

شاہد آفریدی جو کہ ان دنوں تبلیغی جماعت کے ہمراہ دورے پر ہیں نے نواب شاہ کے بختاور گرلز کیڈٹ کالج کے دورے کے دوران خواتین کیڈٹس کو اسلام میں خواتین کے حقوق پر لیکچر دیا۔

ایک مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق آفریدی کو کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد امین نے کالج آنے کی دعوت دی تھی،کالج کے دورے کے دوران آفریدی کے ساتھ تبلیغی جماعت کے ارکان بھی تھے۔

شاہد آفریدی نے خواتین کیڈٹس کو اسلام میں خواتین کے حقوق پر لیکچردیتے ہوئے کہاکہ وہ زندگی میں اسلامی اصول اپنائیں۔ انہوں نے بطور کرکٹر اپنی زندگی کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ وہ تبلیغ مذہب کی طرف کیسے راغب ہوئے۔

سابق کپتان نے خواتین کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ سخت پڑھائی کریں اور اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی حصہ لیں،انہوں نے کہا کہ اپنی پڑھائی پر توجہ دیں ، سوشل میڈیا اور موبائل فون وقت ضائع کرنے والے اوزار ہیں۔

بطور کرکٹر اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اپنے کیریئر کے ایک موقع پر انہوں نے کھیل چھوڑنے کے بارے میں سوچا کیونکہ کچھ کپتان ان کا کیریئر ختم کرنا چاہتے تھے، اس دوران مجھے اسلام اور تبلیغ سے بہت مدد ملی۔

شاہد آفریدی نے پی سی بی کے نئے سربراہ کی تقرری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ کو مثبت سمت میں لے کر جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.