بنگلہ دیشی طیارہ ہائی جیکنگ کی کوشش، مبینہ ہائی جیکرماراگیا
اسلام آباد(نیٹ نیوز) بنگلہ دیش کےڈھاکا سے دبئی جانے والے بنگلا دیشی طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح شخص نے بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے طیارے کے کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے بعد طیارے نے چٹا گانگ کے شاہ امانت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
بنگلہ دیشی ایئرلائن کے جنرل منیجر شکیل معراج کے مطابق دوران پرواز ایک شخص کی سرگرمیاں مشکوک معلوم ہوئیں اور ایسا محسوس ہوا کہ وہ طیارے کو ہائی جیک کرنا چاہتا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق مشکوک ہائی جیکر نے اپنا نام مہدی بتایا اور اس کی عمر 25 برس کے قریب تھی۔ مشکوک شخص نے دوران پرواز دعویٰ کیا کہ اس کے پاس پستول ہے جس کے بعد طیارے کے عملے نے خطرے کا الارم بجایا اور پائلٹ نے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرائی۔
الارم بجتے ہی چٹاگانک ایئرپورٹ پر خصوصی سیکیورٹی فورس پہنچ گئی تھی جس نے لینڈ کرتے ہی طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔
لینڈنگ کے بعد اسپیشل فورسز نے کمانڈو آپریشن کیا اور مشکوک شخص فائرنگ سے زخمی ہوگیا جو بعد میں دم توڑ گیا۔
کامیاب کمانڈو آپریشن کے بعد طیارے کے 148 مسافروں اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا، آپریشن کے دوران ایئرپورٹ پروازوں کی آمد و رفت کے لیے کئی گھنٹوں تک بند رہا۔
کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل مطیع الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ ‘مشکوک شخص کے پاس سے ایک پستول برآمد ہوا ہے اور وہ کمانڈو آپریشن کے دوران مارا گیا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘مارا جانے والا 25 سالہ نوجوان بنگلہ دیشی شہری ہے۔یہ بات اب تک واضح نہیں ہوسکی کہ مشکوک شخص نے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کیوں کی۔
بنگلہ دیشی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فلائٹ سیفٹی ڈائریکٹر چوہدری ضیاء الکبیر کا کہنا ہے کہ مشکوک شخص کا ذہنی توازن شاید درست نہیں تھا اور اس نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے بات کروانے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔