کل سے یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہو جائے گا، وفاقی وزیر تعلیم
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کل سے ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل وزیر اعظم یکساں تعلیمی نصاب کی باقاعدہ لانچنگ کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں شفقت محمود نے کہا پہلی دفعہ یکساں نظام تعلیم کا نفاذ ہورہا ہے، یکساں تعلیمی نصاب پرائیویٹ اسکولوں میں بھی نافذہوگا، پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں اس کا نفاذ ہوچکا ہے
انھوں نے کہا کہ سندھ میں ابھی تک اس نصاب کا نفاذ نہیں ہوا، سندھ حکومت سے استدعا ہے کہ وہ بھی قومی نصاب کے نفاذ پرعمل کرے،
وزیرتعلیم نے بتایا کہ یہ ایسا نصاب ہوگا جو تمام اسکولز اور مدارس میں یکساں طور پر نافذ ہوگا۔
یکساں تعلیمی نظام کے مقاصد محدود نہیں، یکساں تعلیمی نظام میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اور سیرت النبی? کی بھی تعلیم دی جائیگی، دیگر مذاہب کے مطابق نصاب تیار کیا گیا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹیکسٹ بک پہلی سے 5 ویں تک ہوگی جو اس کا نفاذ کرنا چاہتا ہے وہ کرسکے گا، نصاب کے مطابق کتب کی پرائیویٹ پبلشنگ کی اجازت ہوگی، نصاب صرف سرکاری اسکولز میں نہیں تمام اسکولز میں نافذ ہوگا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ آئندہ سال سے چھٹی سے آٹھویں اور اس سے اگلے سال نویں سے بارویں تک یکساں نصاب ہوگا، پانچویں اور آٹھویں جماعت کے لیے ٹیسٹ کا نظام لا رہے ہیں تاکہ پتہ چل سکے کون نصاب پرعمل کر رہا ہے۔
شفقت محمود نے کہا اگر کوئی سکول اضافی مضمون پڑھانا چاہتا ہے تواعتراض نہیں، لیکن اگر کسی اسکول میں قومی نصاب نہیں پڑھایاجائیگا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، موجودہ تعلیمی نظام ایک ناانصافی پر مبنی ہے۔