آزاد کشمیر، پی ٹی آئی کی جیت، مریم نے لٹنے کا شور کرنا ہے، شیخ رشید

0

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں عمران خان نے مودی کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں تقاریر کیں جب کہ مریم نواز ہر جگہ مودی کی بجائے عمران خان کے خلاف بولتی رہیں.

راولپنڈی میں کشمیری مہاجرین کے جلسے سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کسی دباؤ کے بغیر پاکستان کو آگے لے جانا چاہتے ہیں، داسو اور بھاشا ڈیم پاکستان کی قسمت بدل دیں گے۔

انہوں ںے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ 25 جولائی کو کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ سے پوری امید ہے کہ ہم آزاد کشمیر کے ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوں گے۔

انتخابات کے حوالے سے کہا کہ چاہے ایک سیٹ سے جیتیں، آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف حکومت بنائے گی، ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے الیکشن لٹنے کا شور کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ہر وقت کہتا ہوں کہ مہنگائی کا خاتمہ ہو۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ مریم نواز اور بلاول بھٹو ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ہیں، بلاول ن لیگ کے ساتھ ہی الجھتا رہے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر سازش کو پاک فوج ناکام بنا دے گی،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے تعلقات بحال نہیں ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کے لیے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، تحریک انصاف، نون لیگ اور پیپلزپارٹی میں مقابلہ متوقع ہے، آزاد کشمیر کے 33 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں مقابلہ ہے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.