پاکستان اور امریکہ کا رابط بحال، افغانستان میں دیر پا حل پراتفاق
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)امریکہ اور پاکستان کا افغانستان کی صورتحال پررابطہ ہوا ہے جس میں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیاہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کا قیام افغان قیادت ہی نہیں ساتھ علاقائی اور عالمی طاقتوں کی بھی مشترکہ ذمے داری ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب انتھونی بلنکن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے امریکی مالی تعاون سے وسط ایشیا سے براستہ افغانستان پاکستان کے لیے توانائی اور روابط کے قیام کے لیے مختلف منصوبہ جات پر بھی گفتگو کی۔
امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے شا ہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ گہرے دو طرفہ اقتصادی تعاون، روابط کے فروغ اور علاقائی امن کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر مبنی وسیع البنیاد اور طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے جیو اکنامک وژن کے مطابق پاکستان امریکا کے ساتھ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ دینا چاہتاہے۔
وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کے مابین مربوط اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا،
ان کا کہنا تھاکہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکہ کے ساتھ بااعتماد شراکت دار کے طور پر مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، امید ہے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلا افغان امن عمل کی تکمیل میں مدد گار ثابت ہوگا۔
شاہ محمود نے واضح کیا کہ افغانستان میں دیرپا امن کا قیام افغان قیادت، علاقائی و عالمی طاقتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ان تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان گروہوں پر جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کی طرف جائیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں بامقصد پیشرفت کے حصول لیے دو طرفہ ربط اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، شاہ محمود نے کوورنا کے دوران امریکی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف شاہ محمود قریشی سے گفتگو کے بعدامریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہاکہ وہ مستحکم اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کی خواہش کو سراہتے ہیں۔
امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ میری نگاہیں افغان امن عمل، کووڈ-19 سے نمٹنے، علاقائی استحکام کی حمایت اور دیگر اہم امور کے حوالے سے نمٹنے پر مرکوز ہیں۔