گورنر بلوچستان امان اللہ نے وزیراعظم کے کہنے پر استعفیٰ دیا

0


کوئٹہ (زمینی حقائق ڈاٹ کام )گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان نے عہدہ چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے بطور گورنربلوچستان اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنربلوچستان سے وزیراعظم عمرا ن خان کی جانب سے استعفیٰ طلب کیا تھا ، جس کے لیے 30اپریل 2021 کو وزیراعظم نے گورنر بلوچستان کو خط لکھا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے خط میں گورنر بلوچستان امان اللہ خان سے مستعفی ہونے کا کہا تھا وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بلوچستان میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں ۔

خط میں کہا گیا تھا کہ سیاسی حالات کا تقاضا ہے کہ کسی نئے شخص کو گورنر مقرر کیا جائے ، آپ کی کارکردگی پر کوئی منفی تاثر نہیں رکھتا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پھیلاؤ کے باعث ملاقات نہیں ہورہی ، اس لیے خط لکھ کر آپ کو آگاہ کررہا ہوں۔

وزیراعظم نے خط میں لکھا تھا کہ آپ کا استعفیٰ موصول ہونے پر نیا گورنر بلوچستان جلد تعینات کردیا جائے گا گورنر بلوچستان نے اسی خط پر گورنر کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی نے گورنر کے عہدے کے لیے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام دیا ہے جب کہ نئے گورنر کیلئے تحریک انصاف کے ظہور آغا، ڈاکٹر فیض کاکڑ، سعید مندوخیل اور نصیب اللہ بازئی کے نام بھی زیرغور ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.