نواز شریف کی دونوں اپیلیں خارج، سزائیں برقرار
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدالتی سزاوں کے خلاف دائر کی گئی دونوں اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے خارج کردی ہیں اور یوں سزا برقرار رکھی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی دی گئی سزاوں کے خلاف اپیلوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا دیاہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپیلیں خارج کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کو ٹرائل کورٹ میں فیئر ٹرائل کا بھرپور موقع دیا گیا۔ جس کے بعد فیصلے میں سزائیں سنائی گئیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ضمانت پر ہونے کے باوجود بیرونِ ملک چلے گئے اورطلب کئے جانے کے باوجود اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
جاری ہے
عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ نواز شریف واپس آئیں یا حکام کی جانب سے گرفتار کیے جائیں تو اپیل بحالی کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو پہلے ہی عدالتی مفرور قرار دیا جا چکا ہے اور ان کے مفرور ہونے کی وجہ سے درخواستیں خارج کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔
عدالت نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف کو دی گئی سزا بحال رہے گی تاہم وہ واپس آکر اپیل بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال اور العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال کی سزا سنائی تھی۔