تو جو نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے ، گانے والے ایس بی جان کا انتقال

0


لاہور: (ویب ڈیسک)تو جو نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے ، گانے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار سنی بینجمن جان المعروف ایس بی جان 87سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ایس بی جان زیادہ علیل ہونے کے باعث وہ گزشتہ دو ہفتوں سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے تاہم بڑھاپے کے باعث وہ بیماری کا مزید مقابلہ نہیں کرسکے اور گزشتہ روز چل بسے۔

فیاض ہاشمی کے لکھے گانے،، تو جو نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے،، سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ایس بی جان نے گلوکاری کا آغاز کیا اور پہلی بار 1950 کے بعد انتہائی کم عمری میں ہی انہوں نے ریڈیو پاکستان میں آواز کا جادو جگایا۔

یس بی جان قیام پاکستان سے قبل ہی کراچی میں پیدا ہوئے تھے اور وہ وہیں پلے بڑھے، انہوں نے شہر قائد سے ہی تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان کے فوری بعد انہوں نے گلوکاری کا آغاز کردیا تھا۔

ایس بی جان کے دادا بھی موسیقی سے وابستہ تھے اور انہیں بچپن سیہی موسیقی سے خصوصی لگاو تھا۔ ایس بی جان کو انکی مختلف انداز میں غزل گائیکی کی وجہ سے شہرت ملی، انکا شمار پاکستان کے 1960 سے 1975 کے معروف گلوکاروں اور غزل گائیکوں میں ہوتا ہے۔

ایس بی جان پاکستان کے چند مشہور گلوکاروں میں سے ایک تھے، تاہم ان کا شمار ملک کے چوٹی کے غزل گائکوں میں ہوتا تھا۔انہوں نے ریڈیو پاکستان سمیت پی ٹی وی اور فلموں کے لیے بھی گیت گائے جب کہ انہوں نے ملک سمیت بیرون ممالک میں بھی غزل گائیکی میں نام کمایا۔

ایس بی جان کو انکی گلوکاری کی خدمات کے عوض حکومت نے 2011 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا اور انہیں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں ایوارڈ سے نوازا تھا۔

ایس بی جان گزشتہ دو دہائیوں سے موسیقی کی دنیا سے دور تھے، تاہم انہیں موسیقی کی محفلوں میں بطور استاد شریک ہوتے تھے اور گلوکار ان کی فن گلوکاری کی وجہ سے انھیں احترام دیتے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.