افغان مشیر قومی سلامتی امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں، وزیر خارجہ
ملتان (زمینی حقائق ڈاٹ کام ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے افغان مشیر قومی سلامتی کو قیام امن میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر شرم آنی چاہیے وہ زبان کے استعمال میں احتیاط کریں.
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مشیر قومی سلامتی کان کھول کرسن لے! افغانستان استحکام میں پاکستان کا اہم کردار ہے.
افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا، پاکستان امن اور استحکام کی بات کرتا ہے۔ افغانستان حکومت کو پاکستان کیخلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔ افغانستان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر افغان امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر قیام امن میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے ہم معاملات سلجھانے میں لگے ہوئے ہیں اور انھیں پتہ ہی نہیں بات کیسے کرنی ہے.
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نہتے نمازیوں پر گولیاں چلائی گئیں، معاملے پر 28 رمضان کو سیکریٹری او آئی سی سے رابطہ کیا۔ فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کیخلاف جارحیت کا مظاہرہ کیا۔
فلسطینیوں پر مظالم رکوانے میں پاکستان کا کردار کلیدی تھا، وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پر واضح موقف اپنایا، مسجداقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کیا گیا۔ پاکستان نے اوآئی سی پلیٹ فارم پر فلسطین کی وکالت کی۔
مسئلہ فلسطین پر سلامتی کونسل کی 4 نشستیں بےنتیجہ رہیں۔اسرائیلی فورسز نے غزہ میں خون کی ہولی کھیلی۔ دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے۔ فلسطینی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اوآئی سی،عرب لیگ کے پلیٹ فارم سے فلسطین کا مقدمہ پیش کیافلسطین میں مظالم پر دنیا بھر میں مظاہرے ہوئے۔ پاکستان نے اوآئی سی کے ساتھ مل کر جنیوا میں قرارداد پیش کی۔
جنیوا میں قرارداد ہماری دوسری کامیابی تھی۔ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر ظلم کیا۔ غزہ میں 25 منٹ میں 125 بم گرائے گئے۔ میرا انٹرویو 30 لاکھ افراد نے دیکھا معمولی بات نہیں۔ کروڑوں لوگوں نے سوشل میڈیا پر میرا دفاع کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے سامنے مسئلہ کشمیر رکھوں گا ہم کشمیر میں بھارتی تسلط پر چپ نہیں رہیں گے.