سندھ میں آج رات8بجے کے بعد گھر سے نکلنا، آوارہ گردی بند
کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام) صوبائی حکومت کے فیصلہ کے مطابق آج سے صوبے میں رات آٹھ بجے کے بعد بلاضرورت گھر سے نکلنے اور آوارہ گردی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے گی۔
یہ فیصلہ صوبائی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کی غرض سے کیاہے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں بے وجہ گھومنے والوں کو روکنے کی ہدایت کردی ہے۔
رات اٹھ بجے کے بعد صرف اسپتال جانے یا ضروری نوعیت کے کاموں کے لیے گھر سے نکلنے والوں کو جانے دیا جائے گا ، بغیر کام بازار میں گھومنے یا محفلیں کرنے کی ممانعت ہے۔
سندھ حکومت کے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے پیش نظرصوبے میں کاروبار صبح پانچ سے شام چھ بجے تک کھلے گا۔ مغرب کے بعد پارکس کی لائٹس بند ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق ضلع شرقی کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد، جنوبی میں 16 اور وسطی میں 10 فیصد ہوگئی۔ حیدرآباد میں کورونا کی شرح 11 فیصد، دادو میں 10 اور سکھر میں 8 فیصد ہو گئی۔