اسرائیل حملے بند کرے، بے گناوں کی اموات ناقابل قبول ہیں، پوپ فرانسس
فوٹو: اے یف پی فائل
ویٹی کن سٹی (زمینی حقائق ڈاٹ کام ) مسیحی برادری کے پیشواپوپ فرانسس بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف بول پڑے ہیں اور کہاہے کہ
بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کی اموات ناقابل قبول ہیں۔
مسیحی برادری کے پیشوا پوپ فرانسس نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ردعمل میں اپنے ایک بیان میں اسرائیل سے غزہ میں لڑائی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کی اموات ناقابل قبول ہیں ۔
پوپ فرانسس نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ یہ نفرت اور انتقام کہاں لے جائے گا؟اسی حوالے سے برطانوی وزیراعظم کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ کو تشدد اور شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے ، چاہتے ہیں کشیدہ صورت حال جلد ختم ہو جائے۔
دوسری طرف ااسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے بمباری اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضرورت ہو گی جب کہ مغربی کنارے میں بیت اللحم سمیت کئی شہروں میں فلسطینیوں نے مظاہرے کئے، مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا ۔
، صیہونی فورسز نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی، متعدد افراد زخمی ہو گئے، اسرائیلی فوجیوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی دھکے دیئے ، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے،اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ 21 مئی کو پاکستان میں بھی احتجاج کا اعلان کر دیا گیا۔
احتجاج کا اعلان جماعت اسلام کے امیر سراج الحق کی جانب سے کیا گیا ، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی ویورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں۔
سراج الحق نے کہا امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو نا چاہیے جب کہ مسلم حکمرانوں کو بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھنا ہوگا، مسلم ممالک غزہ کے شہریوں کی جان و مال اورعزت و آبرو کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔
واضح رہے اسرائیلی کے آج کے فضائی حملوں سمیت سات دن سے جاری حملوں میں اب تک47بچوں سمیت 169فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔