ٹکٹ دینے میں اپنے غلط فیصلوں پر اکثر سوچتا ہوں، وزیراعظم
گلگت(راجہ سلطان مقپون )وزیراعظم عمران خان نے کہاہے، ٹکٹ دینے میں غلط فیصلے پراکثرسوچتارہتاہوں، کچھ لوگ اپنی ذات کوفائدہ پہنچانے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارٹی ٹکٹ دیتے ہوئے بڑی غلطیاں ہوئیں، آج سوچتا ہوں فلاں کو وفاقی وزیر بنا نا چایئے تھا؟
انھوں نے کہا کہ ہمارے سابق حکمران چھٹیوں میں لندن جاتے ہیں، ان کے بچے اورجائیدادیں باہر ہیں۔ ناکافی وسائل کے باوجود گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج بڑا کارنامہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھ سے بڑے غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں، ماضی میں مجھ سے ٹکٹ دینے میں کئی غلطیاں ہوئیں، اقتدار میں آکر یہ لوگ پیسا ملک سے باہربھیجتے ہیں، پیسا چوری کرکے بیرون ملک لے جانے والے دہرا نقصان پہنچاتے ہیں ۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ طاقتور کو قانون کے تابع لائیں گے، نیب نے ہمارے دور میں بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا۔ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے پیکج لے کر آئے ہیں، یہاں کی خوبصورتی نے ہمیشہ مجھے مسحور کئے رکھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان سوئٹزرلینڈ سے اچھا علاقہ ہے۔ ہمارے حکمرانوں نے ہمیشہ اسے نظراندازکیا۔ گلگت بلتستان میں سیاحت میں ترقی ہوگی تو ملک کو فائدہ ہوگا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے منصوبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر جنگلات کی دیکھ بھال نہ کی تو کبھی سیاحت کو فروغ نہیں مل سکے گا، وزیراعظم نے کہابیرونی قرضوں کی ادائیگی کے سبب ہمارے پاس پیسہ کم ہوتا ہے۔ کم پیسے کے باوجود ایسا پیکج بڑا کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سابق حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں باہر ہیں، ملک سے پیسہ باہر لے جانے والے سب سے بڑے غدار ہیں۔
اس موقع پروفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے خطاب میں ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ان کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 370 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، وزیراعظم کا وژن پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہے، ان کی گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، گلگت بلتستان میں سیاحت کیفروغ کیلئے کام جاری ہے۔
اسد عمر نے کہا سکردو اور چلاس میں ہسپتالوں کو بہتر کر رہے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنانا ہے۔ کراچی، بلوچستان، اندرون سندھ کے بعد یہاں ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا گیا۔