وزیراعظم کا کورونا ایس او پیز پر عمل کیلئے فوج طلب کرنے کااعلان

0


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )ملک میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کیلئے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کرلیاگیا، وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا لاک ڈاون سے بچنے کیلئے ایسا فیصلہ کیاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب سے قبل کورنا کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں اہم فیصلے کئے گئے جب کہ بعد میں وزیراعظم نے کہا کہ ایس او پیز پر سختی کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دیگر ممالک کی نسبت ہمارے پڑوسی ملک میں ابتر حالات ہیں، وہاں اسپتالوں کی اور آکسیجن کی کمی کے باعث لوگ مررہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان میں بھی عوام احتیاط نہیں کررہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ آنے والے چند دنوں میں پاکستان میں بھی وہی حالات ہوسکتے ہیں جو اس وقت بھارت میں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا اگر ہم گزشتہ برس اسپتالوں پر توجہ نہ دیتے تو شاید آج ہم پاکستان میں بہتر حالات نہ دیکھ رہے ہوتے، کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کی ضرورت ہے۔ اگر بھارت جیسے حالات ہوگئے تو مجبوراً ہمیں لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے بہت سے لوگوں نے مشورہ دیا ہے کہ ملک میں مکمل لاک ڈاؤن لگادیا جائے لیکن مجھے احساس ہے کہ لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ غریب طبقہ پس جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان میں بہت احتیاط کی گئی لیکن افسوس کے ساتھ اس بار کوئی شخص این سی او سی کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کررہا، میں باربار کہہ رہاہوں کہ یہ نہ ہو ہمیں مجبوراً سب بند کرنا پڑجائے۔

انھوں نے کہاکہ حکومت اب کورونا ایس پیز پر عملدرآمد کے لئے سختی کرے گی، اور اس بار ہم نے پولیس و رینجرز کے علاوہ فوج کو بھی کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر آئیں اور عوام کو ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.