تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ ،صورتحال قوم کے سامنے ہے، وزیر داخلہ
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت نے لاقانونیت اور انتشار پھیلانے کے باعث تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں تحریک لبیک پر پابندی لگانے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس تنظیم پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے، ہم پابندی سے متعلق سمری کابینہ کو بھیج رہے ہیں اس کے بعد ضروری عمل مکمل کرکے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان پر سیاسی حالات کی وجہ سے نہیں تحریک لبیک کے کردار کی وجہ سے پابندی لگائی جارہی ہے
صورتحال قوم کے سامنے ہے۔
شیخ رشید احمد نے واضح کیا کہ میں نے کبھی بھی اس جماعت کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی کبھی خادم حسین رضوی مرحرم سے ملا ہوں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس سے رائفل چھین کر فائرنگ کی گئی، ان پر جو ایف آئی آرز ہوئی ہیں وہ قانون کے تحت ہوئیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے نہیں انہوں نے حکمت عملی بنائی ہوئی تھی اور ہم نے جو معاہدہ کیا تھا اس پر قائم تھے،لیکن ہماری ان کو منانے کی کوششیں ناکام ہوئیں، یہ ہٹ دھرمی اور ضد پر قائم رہے یہ فیض آباد آنا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم قرار داد اسمبلی میں اتفاق رائے سے پیش کرنا چاہتے تھے، ہماری بڑی کوششیں تھیں لیکن وہ ہر صورت فیض آباد آنا چاہتے تھے، یہ ایسا مسودہ چاہتے تھے کہ یورپ کے سارے لوگ ہی واپس چلے جائیں۔