ملک بھر میں ہفتہ وار بازار، میلے ، ثقافتی پروگرام بند کرنے کا فیصلہ

0


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) ملک بھر میں ہفتہ، اتوار بازار بند کردیئے گئے تاہم کارو بار سحری سے شام 6بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

یہ اہم فیصلے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے خصوصی اجلاس میں کئے گئے، جو کہ وفاقی وزیر اسد عمر کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں ملک بھر میں آج سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے خطرے کو مدنظر رکھ کر سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگایا جائے گا، مارکیٹیں صبح سحری سے شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی۔

کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے پیش نظر ملک بھر میں ہفتہ، اتوار کو کاروبار بند رہے گا، افطار سے رات 12 بجے تک ہوٹلوں کے باہر کھانے کی اجازت ہو گی۔

بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رہے گی اور جب چلے گی تو اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی جبکہ ریلوے کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلایا جائیگا، رمضان میں رش سے بچنے کے لیے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس کی تیسری مہلک لہر کے پیش نظر یہ فیصلہ بھی کیا کہ اس دوران سینما گھر اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے، اور تاحکم ثانی بند رکھا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق کھیلوں اور ثقافتی میلوں سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی اور ایس او پیز پر این سی او سی کا جائزہ اجلاس 10 رمضان المبارک کو دوبارہ ہو گا جس میں تازہ ترین صورتحال پر غور اور آج کے فیصلوں پر عمل درآمد کاجائزہ لیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.