جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی با آسانی جیت لیا
جوہانسبرگ : جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو باآسانی 6وکٹوں سے ہرا کر چار میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی، میزبان ٹیم نے ہدف 14اوور میں حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے141 رنز کے میں اننگز کا آغاز جانِ من مالان اور مارکرم نے کیا، دونوں نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے قومی باولرز کی ایک بھی نہ چلنے دی اور زبردست شارٹس کھیلے۔
جنوبی افریقا کو پہلا نقصان پانچویں اوور میں اٹھانا پڑا جب جانِ من مالان 15 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بن گئے۔ محمد حسنین کی گیند پر لوبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مارکرم نے مسلسل دوسرے میچ میں ففٹی بنائی اور 54 سکور پر آؤٹ ہوئے، ان کی اس اننگز میں 7 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ عثمان قادر نے وکٹ حاصل کی۔ بلجون کی اننگز 2 سکور تک محدود رہی اور لیگ سپنر کی گیند پر محمد رضوان نے کیچ کیا۔
جنوبی افریقہ نے ہدف 14 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کلاسن نے 36 جبکہ لنڈے نے 20 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ عثمان قادر نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر140رنز بنائے، اننگز کا آغاز شرجیل خان اور محمد رضوان نے کیا، تاہم رضوان اننگز کی پہلی ہی بال پر چھکا لگانے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔
محمد رضوان کو لنڈے نے آوٹ کیا۔ شرجیل خان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے۔ 8 سکور بنا کر لنڈے کی گیند پر مارکرم کو کیچ دے بیٹھے،
محمد حفیظ کی اننگز کا بھی خاتمہ لنڈے نے کیا، آل راؤنڈر نے 32 سکور کی باری کھیلی۔
حیدر علی 9 گیندوں پر 12 رنز بنا کر تبریز شمسی کا شکار بن گئے، فہیم اشرف 5، حسن علی12، بابر اعظم 50، عثمان قادر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 140 رنز بنائے، لِنڈے، ولیم نے 3.3 شکار کیے۔