جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی عبوری ضمانتیں منظور
لاہور(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے غیر فعال رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی خان ترین کی ایڈیشنل سیشن اور بینکنگ عدالتوں نے چینی اسکینڈل کیس میں عبوری ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔
لاہور کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے چینی اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ بے قصور ہیں اور ان کے خلاف حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا گیا۔
انھوں نے موقف اپنایا کہ وہ متعلقہ اداروں سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں، ان کی ضمانت منظور کی جائیں ، عدالت نے موقف سننے کے بعد جہانگیر ترین اور علی ترین کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
دوسری طرف لاہور کی بینکنگ کورٹ نے بھی جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو دونوں ملزمان کو 7 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
’مجھ پر لگے الزامات بے بنیاد ہیں‘
اس موقع پر جہانگیر ترین نے اپنے خلاف دائر مقدمات کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کے خلاف تینوں ایف آئی آرز میں چینی کی قیمتیں بڑھنے کا کوئی تعلق نہیں ہے، ان کی کمپنی نے دس سال پہلے جو فیصلے کیے ان پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کمپنی کے فیصلوں سے متعلق تحقیقات ایس ای سی پی اور ایف بی آر کا کام ہے ایف آئی اے کا کام نہیں، ایف آئی اے نے جان بوجھ کر منی لانڈرنگ کا لفظ ڈال کر تحقیقات شروع کیں.
جہانگیر ترین کی شوگر مل کو اتنا کیوں اچھالا جا رہا ہے، دیگر 80 شوگر ملز کو کیوں بھول جاتے ہیں، باقاعدہ منصوبے کے تحت چیزیں لیک کر کے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیوں کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا مجھ پر لگے الزامات بے بنیاد ہیں، تینوں مقدمات سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے، میری عادت نہیں کہ کسی چیز سے لاتعلقی کا اظہار کروں، مجھ پر مقدمہ ہے، ہم عدالت میں پیش ہوگئے ہیں، اپنا موقف پیش کریں گے اور سرخروہوں گے۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین اور ملز کے ملازمین کے خلاف فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کیے ہیں۔