کورونا کی تیسری لہر زیادہ خطرناک ہے احتیاط کریں، وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلی اور دوسری لہر سے زیادہ خطرناک ہے لہٰذا تاکید کرتا ہوں تیسری لہر میں بہت احتیاط کریں۔
کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے قوم کےنام پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ایک سال احتیاط کی، کسی شادی میں گیا نہ کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا، ایک سال سماجی فاصلہ رکھنے کے ساتھ ماسک کا بھی استعمال کیا اور کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں محفوظ رہا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں احتیاط نہیں کی جس وجہ سے کورونا وائرس میں مبتلا ہوا۔انھوں نے کہاتاکید کرتا ہوں تیسری لہر میں بہت احتیاط کریں اور ماسک پہنیں کیونکہ ماسک سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے پاس وہ وسائل نہیں کہ کورونا کے دوران لوگوں کو بند کریں اورسہولیات فراہم کریں ہم کم از کم ایس او پیز پر پوری طرح عمل کریں۔
"کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے۔ سب کو تاکید کرتا ہوں کہ ایس او پیز پر عملدرآمد خاص طور پر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں،"
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) March 28, 2021
وزیراعظم عمران خان کا کورونا کے حوالے سے قوم کو خصوصی پیغام pic.twitter.com/D1kXJZWdR9
عمران خان نے کہا کورونا کی تیسری لہر انگلینڈ سے آئی ہے اور لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں انگلینڈ سے زیادہ لوگ آئے ہیں، یہاں تیزی سے کیسز بڑھ رہے ہیں، ہمیں اسی طرح احتیاط کی ضرورت ہے جیسی پہلی لہر میں کی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دنیا میں کمی ہو گئی ہے، ویکسین سے متعلق جو ہمیں دنیا نےکہا تھا وہ بھی ہمیں نہیں مل رہی، جو ملک کورونا ویکسین بناتے ہیں اُدھر بھی ویکسین کی کمی ہو گئی ہے۔
وزیراعظم نے خدشے کا اظہار کیا کہ اگر کورونا اسی تیزی کے ساتھ پھیلتا گیا تو اسپتال بھر جائیں گے۔ ایس او پیز پر عمل کریں، شادیاں اور ریسٹورنٹس میں نہ جائیں، بزنس اور فیکٹریاں بند نہیں کرسکتے۔