پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بلانے کی تجویز
ئئاسلام آباد( ویب ڈیسک )پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کی تجویز دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم اتحاد کے فیصلوں کے پابند ہیں کی خواہش پر پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم سے نہیں نکالا جاسکتا۔
یہ بات پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیر بخاری نے کہی ہے ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں موجود تمام معاملات پر پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں غور کیا جائے اور اسی پلیٹ فارم سے فیصلے ہونے چاہئیں ۔
نیر بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم میں انفرادی فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں، کسی کی خواہش پر پی ڈی ایم سے کسی جماعت کو نہیں نکالا جاسکتا ہے، پی ڈی ایم میں 10 جماعتیں جو فیصلہ کریں گی تمام جماعتیں اسی کی پابند ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم سے نکالنے کا موقف ن لیگ کا ہوگا، ہم اپوزیشن اتحاد کے فیصلوں کی پابند ہیں، یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں، ن لیگ کو تحفظات ہیں تو پی ڈی ایم میں بات چیت ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم کی بنیا د پیپلز پارٹی نے رکھی ،نکالا نہیں جاسکتا
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی بنیاد ہی پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اے پی سی میں رکھی گئی تھی، پی ڈی ایم میں 10 جماعتیں شامل ہیں کوئی بھی انفرادی فیصلہ نہیں ہوتا ، یہ بھی کہا کہ گزشتہ سربراہی اجلاس کے اختتام پر مولانا فضل الرحمٰن نے پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی 10 میں سے 9 جماعتیں لانگ مارچ کے دوران پارلیمان سے استعفے دینے کی حمایت کی تھی جبکہ پیپلز پارٹی نے مخالفت کی۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر اپنی سی اے سی سے رجوع کرنے اور مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کیلئے وقت مانگا ہے،انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ہم جب فیصلہ کرلیں گے تو خود ہی پی ڈی ایم سے رابطہ کریں گے۔