اسلام آباد سے 17 سال بعد پہلی پرواز سوات پہنچ گئی
مینگورہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)
قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پہلی پرواز 17 سال بعد اسلام آباد سے سوات کے سیدو شریف ائیرپورٹ پہنچ گئی، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سمیت دیگر اعلیٰ حکام سوار تھے۔
پرواز پی کے 640 اسلام آباد سے سوات پہنچی ہے اور پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے میں 48 افراد سوار تھے، متعلقہ حکام کا کہنا تھا رن وے کی بحالی اور دیگر آپریشنل کام پہلے ہی مکمل کرلیا تھا.
اسلام آباد سے ہفتے میں دو مرتبہ سوات کے لیے پرواز چلائی جائے گی جو اسی روز واپس بھی آئے گی، ابتدائی طور پر سوات ائیرپورٹ پر ڈومیسٹک فلائٹس چلائی جائیں گے اور مستقبل میں یہاں بین الاقوامی فلائٹس چلانے کا بھی ارادہ ہے۔
یاد رہےکہ سوات ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث 2004 میں بند کردیا گیا تھا، موجودہ حکومت اور بالخصوص مراد سعید کی کوششوں سے ائرپورٹ آج آپریشنل ہو گیا ہے.
طے کئے گئے شیڈول کے مطابق پی آئی اے لاہورسے براستہ اسلام آبادسیدوشریف کے لیے ہفتہ وار دوپروازیں چلائے گی۔ لاہورسے سوات کم ازکم کرایہ 6ہزار220روپے مقرر کیاگیاہے۔
اسی طرح اسلام آبادسے سوات کم ازکم کرایہ 5ہزار888روپے رکھاگیاہے ،پروازوں سے سیاحت کوفروغ اور پی آئی اے کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز لاہور سے صبح 8 بجے اور اسلام آباد سے 9 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی واپسی کی پرواز سیدو شریف سے شام 5 بجے روانہ ہوگی۔
پی آئی اے کی پروازیں سیاحت کے فروغ کیلئے ہفتے ہیں دو دن بروز جمعہ اور سوموار چلائے گی سکردو، گلگت اور چترال کے بعد یہ چوتھا سیاحتی مقام ہے جس کیلئے قومی ائیرلائن اپنا فضائی آپریشن چلائے گی۔
ذرائع کے مطابق سوات سے رکن قومی اسمبلی اور وزیر مواصلات مراد سعید کی طرف سے سی ای او پی آئی اے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔