وی سی ہری پور یونیورسٹی انوارالحسن کو ‘ہلال امتیاز’ سے نوازا گیا
ہری پور(یاورحیات )پروفیسر انوارالحسن گیلانی وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی کوامسال یوم پاکستان(23 مارچ 2021)کے موقع پراعلیٰ صدارتی ایوارڈ "ہلال امتیاز” سے نوازا گیا.
پروفیسر گیلانی واحد حاضر سروس وائس چانسلر ہیں جنہیں تعلیم و تحقیق کے میدان میں نمایاں خدمات پر حکومت پاکستان نے تین اعلیٰ ترین صدارتی ایوارڈز سے نوازا ہے، جن میں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حکومت پاکستان نے آپ کو ممتاز قومی پروفیسرکے ٹائیٹل اورلائف ٹائم اکیڈمک اچیومنٹ ایوارڈسے بھی نوازا ہے۔
پروفیسر گیلانی کی شخصیت پاکستانی اور بیرون ملک تعلیمی حلقوں میں کسی تعارف کے محتاج نہیں۔
1986 میں سڈنی یونیورسٹی آسٹریلیا سے میرٹ سکالرشپ پر PhD مکمل کرنے کے بعدآغا خان یونیورسٹی میں تدریسی خدمات کا آغاز کیا اور تعلیم و تحقیقی کے میدانوں میں شاندار کارکردگی کی بدولت امتیازی ترقی کرتے ہوئے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔
تین برس کے لیے پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین رہنے کے بعد مارچ 2019 میں ہری پور یونیورسٹی کے وائس چانسلر تعینات کیے گئے۔اس سے قبل آپ نے انٹرنیشنل فاؤنڈیشن برائے سائنس اور عالمی ادارہ صحت میں مشیر برائے صحت کے طور پر خدمات انجام دیں.
ان کوسائنس وٹیکنالوجی سے متعلق اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل رہا ۔ جبکہ آپ کو لگ بھگ 100 بین الاقوامی کانفرنسوں میں بطور اسپیکر ملک کی نمائندگی کا شرف حاصل ہے.
حال ہی میں آپ کو ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کی اعلیٰ فیلوشپ سے نوازا گیا جو کہ ملک کے لئے ایک اعزازکی حیثیت رکھتا ہے۔آپ نے نے 500 کے قریب مضامین شائع کیے جن کو اکیس ہزار سے زیادہ مرتبہ بطور حوالہ استعمال کیا گیا۔
آپ ادویات سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی دو کتابوں کے شریک ایڈیٹر بھی ہیں۔ آغا خان یونیورسٹی میں پروفیسر گیلانی نے کئی اہم دریافتیں کیں ، جن میں قلبی امراض مثلاً ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول ، ذیابیطس اور الزائمر وغیرہ میں قدرتی غذاوں اور ادویات کے مفید اثرات کو ثابت کرنا شامل ہے۔
آپ کی نمایاں تحقیق میں دل کے امراض میں ادرک ،ہلدی کے اجزائے ترکیبی اور دیسی بادام کے علاوہ ہلدی اور کلونجی کے مرکب کی منفردافادیت کی دریافت کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
پروفیسر گیلانی نے شعبہ طب میں 20 پی ایچ ڈی سکالرز کی نگرانی کی آپ کے اکثر شاگردمختلف اداروں میں بحیثیت سربراہ / ڈائریکٹر / ڈین / وائس چانسلر قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں شعبہ طب و ادویات میں آپ کی ممتاز خدمات کی بنا پر آپ کو ملک کے صف اول کے سائنسدانوں میں شامل کیا جاتا ہے۔
آپ کو درج بالا ایوارڈز کے علاوہ متعددقومی اور بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا ہے، جن میں بورہنگر انٹرنیشنل ریسرچ ایوارڈ، عبدالسلام پرائز، ابن الحیتم پرائز وغیرہ شامل ہیں۔
آپ نیشنل بک فاونڈیشن پرائز ، آغا خان یونیورسٹی سے نمایاں ٹیچر ایوارڈ ، آغا حسن عابدی ایوارڈ، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز فیلو شپ کے ایوارڈز شامل ہیں آپ نے ہری پور یونیورسٹی تعیناتی کے بعد صرف دو سال کے قلیل عرصہ میں ہنگامی بنیادوں پر دس نئے شعبوں اور مجموعی طور پرچالیس نئے تعلیمی و تحقیقی پروگرامز کا آغاز کیا.
اسی وجہ سے ان دو برس میں طلبہ کی تعداد 3200 سے بڑھ کر 5500 ہو گئی ہے۔آپ نے 10 سیلیکشن بورڈز منعقد کر کے تقریباً 60 فیصد ملازمین کو خالصتاً میرٹ اور شفاف Processکی بنیاد پر مستقل کیامیرٹ پر مبنی پالیسیوں کی بنا پر انتہائی قابل اساتذہ کرام نے ہری پور یونیورسٹی میں شمولیت اختیار کی.
جس کا بین ثبوت یہ ہے کہ حال ہی میں ایک امریکی رپورٹ کے مطابق دنیا کے دو فیصد ٹاپ سائنسدانوں میں پروفیسر گیلانی سمیت پانچ پروفیسرز کا تعلق ہری پوریونیورسٹی سے ہےجو بذات خود ایک اعزاز و ریکارڈ ہے.