شاہ سلمان اور چین کے وزیراعظم کی عمران خان کیلئے نیک خواہشات

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پرنیک خواہشات کے پیغامات ارسال کئے ہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے پیغام میں وائرس سے جلد صحت یابی اور مستقل صحت و تندرستی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

شاہ سلمان نے پیغام میں کہا کہ ہمیں آپ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر ملی ہے۔ بیماری سے جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات ہیں اور یہ کہ آپ کوئی تکلیف نہ دیکھیں۔

ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اپنے علیحدہ پیغام میں وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی و مستقل صحت اور تندرستی کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے.

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان جلد صحت یاب ہوجائیں گے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان جلد کورونا وباء پر قابو پالے گا۔

خط میں چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم عمران خان کی خیریت دریافت کی اور عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چینی وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کورونا کیخلاف جلد فتح یاب ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا ہفتہ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں ہیں۔

آج معاون خصوصی شہباز گل کی جانب سے عمران خان کی تازہ تصویر جاری کی ہے اور کہا ہے خان صاحب کی آج کی تصویر۔ خان صاحب آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ کی تصویر

اللہ کا شکر ہے لوگوں کی دعاؤں سے وزیراعظم صحتمند ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روزجلد صحتیابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا تھا.

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم کی طبیعت بہتر ہے اور وہ ہشاش بشاش ہیں، عمران خان کو معمولی نوعیت کی علامات ہیں.

انھوں نے کہا کہ فی الحال ان کو کسی علاج کی ضرورت نہیں، وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ وزیراعظم کو ابھی ویکسین کی پہلی ڈوز لگی تھی دوسری ڈوز کے بعد دوتین ہفتوں کے بعد اینٹی باڈیز بنتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.