تحریک انصاف نے سندھ کے 2 ارکان اسمبلی پارٹی سے نکال دئیے
کراچی(ویب ڈیسک) سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف نے 2 ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیاہے۔
تحریک انصاف نے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے والے 2 اراکین سندھ اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پی ایس ون جیکب آباد 1 سے اسلم ابڑو اور پی ایس 18 گھوٹکی 1 سے شہریار شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کر دیا.
دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی ہے پاکستان اس ضمن میں تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی غربی سندھ اور کراچی نے متفقہ فیصلہ جاری کیا.
بتایا گیا ہے کہ پارٹی قیادت کو دونوں اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ ان کی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم کی جائے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا تاہم واضح اور حتمی شواہد کی پڑتال اور ارکان کی طرف سے صفائی پیش نہ کیے جانے پر یہ معاملہ نمٹایا گیا
دونوں ارکان کے پاس کمیٹی فیصلے کے خلاف 7 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق موجود ہے، سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی.
صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے 3 باغی ارکان کریم بخش گبول ، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور جب حکومتی اراکین نے ان کا استقبال کیا تو بد مزگی ہوئی تھی.