روہڑی، کراچی ایکسپریس کو حادثہ، خاتون جاں بحق، 40 افراد زخمی
روہڑی(ویب ڈیسک) کراچی ایکسپریس حادثہ ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے ہیں لیکن تاحال ٹرینوں کی آمد و رفت بحال نہ ہو سکی، حادثہ میں عورت جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوئے ہیں.
ٹرین حادثے کے بعد سے اپ ٹریک سے بوگیاں ابھی تک ہٹائی نہ جاسکیں ، پاکستان ریلوے نے جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کیلئے 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے 5،5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
ٹریک بلاک ہونے کی وجہ سے پنجاب جانے والی متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں ، بعض مسافر ٹرینوں کو روہڑی ، خیرپور اور دیگر اسٹیشنز پر روکا گیا ہے.
جو ٹرینں رکی ہوئی ہیں ان میں خیبرمیل ، قراقرم ایکسپریس، ملت ایکسپریس، گرین لائن ، فرید ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس شامل ہیں.
یہ مسافر گاڑیاں 6 سے 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئیں، ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون عظمیٰ کراچی سے ساہیوال جا رہی تھیں کہ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہوگئیں.
واضح رہے کہ روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان کراچی ایکسپریس کو افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں آٹھ بوگیا ں پٹری سے اتر گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق 30 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، معلومات کیلئے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا، سنگل ٹریک سے ٹرینوں کی آمدورفت جاری ہے۔
آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ حادثے میں 5 بوگیاں کھائی میں جا گریں تاہم امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، سرچنگ اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے.
ریسکیو آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی مصروف ہیں ابتدائی طور پر حادثے کا سبب بوگیوں کی کمپلنگ ٹوٹنا بتایا گیا ہے۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ریسکیو آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کا دعویٰ کیا ہے.
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹریک جلد ازجلد بحال کرنےکی کوشش کررہےہیں حادثےسے متعلق رپورٹ 4سے5روز میں مل جائے گی، جو بھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔