این اے 75 کا نتیجہ روک دیاگیا، فردوس عاشق کا جیت کا دعویٰ
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)
ریٹرننگ افسر نے مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 کا نتیجہ روک دیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نشست ہم جیت چکے ہیں۔
ریٹرننگ افسر این اے 75 کے مطابق حلقے کا نتیجہ روک لیا گیا ہے، ریٹرننگ افسرنے ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو بھجوادیا ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمیشن کو تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔
ریٹرننگ افسر کے بیان میں کہا گیا کہ صبح تک این اے 75 میں ووٹوں کی گنتی کاعمل مکمل نہ ہوسکا، اکیس پولنگ اسٹیشنز کا عملہ فارم45لیکرصبح آراو آفس پہنچا، آراو آفس پہنچنے والے عملے میں خواتین بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر نون لیگ کی جانب سے احسن اقبال، جاویدلطیف،ع ظمیٰ بخاری اور عطاتارڑ ریٹرننگ افسر کے آفس میں موجود رہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈاراور علی اسجد ملہی بھی آر اوآفس میں موجود رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے این اے 75ڈسکہ کی نشت جیتنے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے میدان مار لیاہے۔
سماجی رابطے کی ویب سابٹ ٹوئٹر پر بیان میں فردوش عاشق اعوان نے کہا ہے ڈسکہ این اے 75 ضمنی الیکشن کے تمام 360 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 7,827 ووٹس کی برتری حاصل کرکے میدان مار چکی ہے۔
انھوں نے کہاہے کہ ن لیگ کے احسن اقبال، جاوید لطیف، کنیز جونیئر اور عطا تارڑ نے، آر او ،کو یرغمال بنارکھا ہے۔ الیکشن نتائج کا اعلان کرنے سے روکا جا رہا ہے۔
ڈسکہ NA75 ضمنی الیکشن کے تمام 360 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 7,827 ووٹس کی برتری حاصل کرکے میدان مار چکی ہے! ن لیگ کے احسن اقبال، جاوید لطیف، کنیز جونیئر اور عطا تارڑ نے RO کو یرغمال بنارکھا ہے۔ الیکشن نتائج کا اعلان کرنے سے روکا جا رہا ہے!
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) February 20, 2021
فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں کہا گیا کہ ن لیگ روایتی فساد، غنڈہ گردی اور شر پسندی کے بعد ووٹوں کے تھیلے چوری کرنے پر اتر آئی ہے۔
ن لیگی ایم پی اے عادل چٹھہ کو ووٹوں سے بھرا تھیلا لیکر بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ غنڈہ گردی، بدمعاشی، چوری اور دھونس یہی وہ سبق ہے جو کرپٹ ظلِ سبحانی نے اپنی اولاد اور ورکرز کو سکھایا۔
فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی نتائج روکنے کے لئے درخواست آئی ہے، ہر ہارنے والا اپنی شکست کی شرمندگی سے بچنے کے لئے اس طرح کے الزمات لگاتا ہے۔
انھوں نے کہا جن پولنگ سٹیشنز کے نتائج تاخیر کا شکار تھے، ان کے رزلٹ واٹس ایپ پر آر او کو موصول ہوچکے،فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نتائج کے مطابق اپنے ٹویٹ پر قائم ہوں، آر او آفس میں لیگی لیڈر شپ یرغمال بناکر بیٹھی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاوہ اپنے من پسند نتائج لینا چاہتے ہیں، الیکشن کمشن اور آر او قانون کے مطابق فیصلہ کریں، الیکشن قواعد کی خلاف ورزی ہوئی، پریذائیڈنگ افسران نے نتائج لیٹ کیوں کیے ؟ کسی کے دباو میں نہ آئیں، لیگی قیادت کا یہاں کوئی کام نہیں۔
اللہ کا شکر۔ مریم اور ان کے پاپا کے بیانیے کو شکست ہوئی۔ پی ٹی آئی NA 75 کا الیکشن 7827 ووٹوں سے جیت چکی۔ جب آپ ریاست مخالف بیانیہ دیں گے کرپشن کریں گے۔ تو ہار آپکا مقدر ہوگی۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) February 20, 2021
شہباز گل نے بھی ٹویٹ میں کہا کہ مریم نواز اور ان کے پاپا کے بیانیے کو شکست ہوئی، پی ٹی آئی این اے 75 کا الیکشن 7827 ووٹوں سے جیت چکی، جب کرپشن، ریاست مخالف بیانیہ دیں گے تو ہار آپ کا مقدر ہوگی۔