کورونا کے خاتمہ تک مقروض ممالک کو قرض ادائیگی میں رعایت دی جائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے خاتمے تک مقروض ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں رعایت دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے زیراہتمام تجارت وترقی سے متعلق کانفرنس کے چوتھے سیشن سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے درپیش مسائل کا ذکر کیا.
وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ کورونا بلاتفریق امیر اور غریب سب کو متاثر کررہا ہے، ہمیں لوگوں کو وبا اور بھوک سے ہلاکت سے بچانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ترقی یافتہ ممالک میں لگائی جارہی ہے، وباکے تدارک کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے.
انھوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو بلا تعطل ویکسین فراہم کی جائے، عالمی سطح پر ویکسین کی دستیابی میں ابھی وقت درکار ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت صحت عامہ اور معاشی حوالے سے غیر معمولی بحران کا سامنا ہے، کورونا سے پسماندہ ممالک اور ان کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے.
وباء کی صورتحال میں لاکھوں افراد خط غربت سےنیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے اس لئے ضروری ہے کہ وبا کے خاتمے تک مقروض ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں رعایت دی جائے۔