فارن فنڈنگ کیس، سماعت عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی، الیکشن کمیشن
اسلام آباد:فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے وضاحتی بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا بغیر کسی خوف اور دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا ری ہے، یہ بہت ہی اہم اور حساس کیس ہے اور اس پر میرٹ پر فیصلہ قومی مفاد میں ہے۔
بیان میں انتباہ کیا گیا کہ فارن فنڈنگ کیس پر غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے، الیکشن کمیشن میں پہلے ہی اس کیس کی سماعت فریقین کے سامنے ہو رہی ہے.
ترجمان نے کہا کہ سماعت کے دوران میڈیا اور دوسرے متعلقہ اشخاص اور ادارے موجود ہوتے ہیں اور اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے اس لیے کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی.
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر کارروائی سے کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی، اسکروٹنی کمیٹی میں شکایت کنندہ اور الزام علیہ اپنا اپنا مؤقف پیش کرتے ہیں.
کمیٹی مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد جامع سفارشات کمیشن کو دےگی جب کہ الیکشن کمیشن کھلی سماعت میں یہ سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا اور ادارہ یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔
واضح رہےکہ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج بھی کیا اور تحریک انصاف کے خلاف چلنے والے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کیاتھا.