عمران خان ڈھٹائی سے بزدار کا دفاع کررہے ہیں، بلاول بھٹو
کندھ کوٹ (ویب ڈیسک )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے اٹھارویں ترمیم کا ہم تحفظ کریں گے۔
کندھ کوٹ میں جلسے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار میں ایسی کیا بات ہے کہ وزیراعظم عمران خان ڈھٹائی سے ان کا دفاع کررہے ہیں؟’بے چارے وسیم اکرم بھی کہہ رہے ہیں کہ میرا کیا قصور ہے’۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی یاد دلایا کہ ‘کرکٹ میں امپائر جبکہ سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے،’وزیراعظم کا بزدار کو وسیم اکرم قرار دینا سابق کرکٹر کے ساتھ زیادتی ہے‘
پیپلز پارٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ ‘وفاق اٹھارہویں ترمیم پر عمل نہیں کر رہا اور جو ادارے سندھ نے بنائے انہیں چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا، ‘بدقسمتی سے اٹھارہویں آئینی ترمیم آج کل خطرے میں ہے، اٹھارہویں ترمیم پر ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں، لیکن ہم اس ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور پیپلز پارٹی پورے عزم کے ساتھ تمام قوتوں کا مقابلہ کرے گی’۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم اٹھارہویں ترمیم کے تحفظ کے لیے نہ صرف قانونی و سیاسی آپشن استعمال کریں گے بلکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی یہ معاملہ اٹھائیں گے۔