وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی مہنگی کردیں
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پٹرول 2 روپے 31 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں بھی 16 روپے کا اضافہ کردیا گیا.
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات میں کم سےکم اضافہ کرنےکی منظوری دی۔
اعلامیہ کے مطابق اوگراکی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی اور ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے اضافہ کی منظوری دی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل میں 10.92 روپے فی لیٹر ، لائٹ ڈیزل میں 14.87 روپے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا تھا تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.36 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے فی لیٹر ، ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 73روپے 65پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 71روپے 81پیسے مقرر کی گئی ہے.
اضافہ کے بعد آج رات 12 بجے سے 15 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی۔پیٹرول کے بعد عوام پر ایل پی جی بم بھی گرادیا گیا، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 16 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔
ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر 187 روپے مہنگا کردیا گیا۔ اوگرا نے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 147 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
دسمبر میں ایل پی جی کی قیمت 131 روپے فی کلو تھی۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق جنوری 2021 کیلئے ہوگا۔
ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1740 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دسمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1553 روپے تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی۔ اوگرا کی سمری میں پیٹرول 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے پر غور کیا جا رہا تھا جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بھی اضافہ کرنے کی تجویز زیر غور تھی۔
واضح رہے کہ ابھی پندرہ روز قبل 15 دسمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لٹر 5 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔