وزیراعظم نے وزراء کو اہداف دے دیئے ، کارکردگی دکھائیں

0

فوٹو: سکرین گریب

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی باتوں نے سب کو حیران کر دیا کہتے ہیں کسی بھی نئی حکومت کو تیاری سے پہلے اقتدار میں نہیں آنا چاہیے، تین ماہ تو ہمیں گورننس سمجھنے میں لگ گئے یہ بھی کہا کہ ڈیڑھ سال تک توپاور سیکٹر سے متعلق صحیح اعداد و شمار ہی پتا نہیں چل سکے۔

وزیراعظم اسلام آباد میں وفاقی وزراء کی کارکردگی اور انہیں اہداف تفویض کرنے سے متعلق تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلی چیز یہ ہے کہ ہمیں اس سسٹم پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

انھوں نے وزراء کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اب کارکردگی دکھائیں کوئی بہانہ نہیں چلے گا، تمام ہی وزارتیں اپنا اپنا کام کریں گی تو حکومت کی کارکردگی تب ہی سامنے آئے گی۔


وزیراعظم نے کہا آپ نے گورننس کیسے دینی ہے اس حوالے سے آپ کی ٹیم کی بریفنگ ہونی چاہیے ہر محکمے کی مثلاً وزیر ریلوے کی پوری بریفنگ ہو کہ ریلوے کے اندر اصل میں کیا صورتحال ہے۔

ہر شعبے سے متعلق بریفنگ ہونی چاہیے کہ بجلی کی کیا صورتحال ہے، خسارہ کتنا ہے وغیرہ وغیرہ تاکہ جب آپ عہدہ سنبھالیں تو آپ کو پوری طرح پتہ ہوکہ آپ نے کیا ایجنڈا نافذ کرنا ہے۔

غیر روایتی سیاستدان وزیراعظم نے سچ بولتے ہوئے کہا کہ جب میں آج اپنے آپ کو دیکھتا ہوں تو ہمیں تو 3 مہینے صرف سمجھنے میں لگ گئے، ہر چیز جو ہم باہر سے بیٹھ کر دیکھ رہے تھے جب حکومت میں آئے تو وہ بالکل مختلف تھی۔

عمران خان نے کہا کہ کئی اعداد و شمار خاص طور پر توانائی کے شعبے سے متعلق ڈیڑھ سال تک تو حقیقی اعداد و شمار کا ہی پتہ نہیں چل رہا تھا۔ کبھی کوئی فیگر آجاتی تھی ہم سمجھتے تھے بڑا اچھا پرفارم کررہا ہے پھر کہیں اور سے مختلف فیگر آجاتی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپنی رائے دے رہا ہوں کہ کبھی بھی نئی گورنمنٹ کو اس طرح حکومت میں نہیں آنا چاہیے، اس کی پوری تیاری ہونی چاہیے، ان کو پوری طرح بریفنگ دینی چاہئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.