سینیٹ الیکشن،اپوزیشن سے بات کیلئے تیار ہیں کیسز پر بات نہ ہو تو،وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات قبل از وقت اورشو آف ہینڈزسے کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے.
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات کیلئےسپریم کورٹ سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹ انتخابات مارچ کی بجائے فروری میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن ووٹ (شو آف ہینڈز) سے کرانے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کابینہ میں تجاویز پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سینیٹ انتخابات مارچ کی بجائے فروری میں کروانے کی تجویز پیش کی تاہم انہوں نے سینیٹ انتخابات اوپن ووٹ کرانے کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کی تجویز کی مخالفت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری نے تجویز پیش کی کہ انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن سے بات کی جائے وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن سے بات چیت کو تیار ہیں.
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے بات چیت کرتےہیں تو وہ کہتے ہیں کیسز ختم کیے جائیں حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہیں لیکن کیسز ختم کرنے کی بات نہیں ہونی چاہیئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے بھی آئینی اور سیاسی پہلوؤں پر بریفنگ دی جس پروفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات ایک ماہ قبل شو آف ہینڈ سے کرانےکا فیصلہ کر لیا۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا اور حکومت آئین کے تحت سپریم کورٹ سے رائےطلب کرےگی۔
حکومت سپریم کورٹ فیصلےکی روشنی میں ترمیم کےبغیر الیکشن کروا سکےگی۔ آئینی ترمیم کے بغیر الیکشن شوآف ہینڈکےذریعے فروری میں منعقد ہوں گے۔