لاہورکا ناکام جلسہ، پی ڈی ایم کی تحریک دفن ہو گئی،وزیراعظم
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے لاہورمیں ناکام جلسہ کرکے اپنی تحریک کو خود دفن کردیا ہے لاہوریوں نے پی ڈی ایم شو کو مسترد کر کے بڑا فیصلہ دے دیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور پی ڈی ایم جلسے کے بعد آئندہ کی حکمت عملی اور حکومتی بیانیہ پر مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کے عوام سیاسی طور پر بہت باشعور ہیں، لاہوریوں کا سیاسی شعورپی ڈی ایم کے بیانیہ کوقبول نہیں کرے گا مجھے لاہوریوں کوجلسوں کیلئے نکالنے میں 14 برس لگے اب لاہوریوں نے پی ڈی ایم شو کو مسترد کر کے بڑا فیصلہ دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو گائیڈ لائنز دیتے ہوئے کہا کہ صاف صاف بتا دیں این آر او نہیں ملیگا پی ڈی ایم کے جلسوں میں غیرجمہوری مطالبات کیئے جارہے ہیں اپوزیشن کی جماعتوں میں ڈکٹیٹر شپ ہے۔
وزیراعظم نے کہا پارٹی ترجمان ڈٹ کر اپوزیشن کا مقابلہ اور انہیں بے نقاب کریں، پہلے دن سے کہہ رہا تھا گزشتہ جلسوں کی طرح یہ بھی فلاپ ہوگا اور سب نے دیکھ لیا جلسہ گاہ بھی نہیں بھری جا سکی۔
اس موقع پر حکومتی ترجمان نے کہا کہ عوام اپوزیشن کابیانیہ قبول نہیں کریں گے، لاہورسمیت پی ڈی ایم کے تمام جلسے ناکام ہوئے، ایک لیڈر کوقیادت پرچی پر وصیت میں ملی دوسری کوابونے زبردستی لیڈربنادیا۔