راولپنڈی میں دھماکا، 25 افراد زخمی
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) راولپنڈی میں تھانہ گنج منڈی کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 25 افراد کے زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، جس کے اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں.
علاقے میں سرچ آپریشن کیلئے قریبی راستے بند کردیئے گئے، ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دستی بم کچھ دیر بعد پھٹ گیا اور دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے.
زخمیوں میں سے 3 افراد کو موقع پر ہی طبی امداد دے کر بھیج دیا گیا جب کہ باقی 22 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جارہی ہے.
ایس ایچ او تھانہ گنج منڈی کا کہنا ہے کہ دھماکا تھانے کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہوا، دھماکے کے بعد جائے حادثہ کے قریب تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے.
سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے میڈیا کو بتایا کہ شہر میں 10 روز کے دوران یہ دوسرا دھماکا ہے، پہلا دھماکا پیرودہائی اور دوسری آج گنج منڈی میں ہوا، دونوں دھماکے تھانوں کے قریب ہوئے.
ان کا کہنا تھا کہ خفیہ اداروں کی جانب سے شہر میں دہشت گردی کی اطلاعات بھی موجود ہیں، تاہم پیرودہائی بم دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، گنج منڈی میں دھماکے کی نوعیت کا فی الوقت نہیں بتاسکتے۔