افسوس!معاشرے نے ناجائز پیسہ بنانے والوں کو تسلیم کیا،وزیراعظم

0

اسلام آباد( ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا ہے کہ کرپشن، منشیات اور ناجائز طریقوں سے دولت بنانے والوں کو معاشرے کی طرف سے تسلیم کرنا بدقسمتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان اے این ایف ہیڈ کوارٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انھوں نے کہا ماضی میں منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا افغان جہاد کے وقت پہلی بار پاکستان میں ڈرگز کا سنا، افغانستان سے پاکستان میں منشیات آتی اور آگے جاتی تھی، 80 کی دہائی میں جس نے منشیات سے پیسہ بنایا اس کو غلط سمجھا ہی نہیں گیا۔

کرپشن اور منشیات سے پیسے بنانے والوں نے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچایا، کرپشن اور منشیات پورے معاشرے کیلئے ناسور ہے، ماضی میں منشیات اور کرپشن کے پیسے سے کئی لوگ انتخابات بھی جیتے۔

عمران خان نے کہاکہ ناجائز طریقے سے دولت کمانے والوں کو معاشرے کا تسلیم کرنا بدقسمتی ہے، پاکستان میں 70 لاکھ افراد منشیات کے عادی بن چکے، گھر میں ایک بھی منشیات کا عادی ہو وہ گھر تباہ کردیتا ہے۔

افسوسناک خبر یہ ہے کہ ڈرگ آئس تعلیمی اداروں میں پھیل رہی ہے، اور یہ دائرہ یونیورسٹیز تک پھیل چکا ہے، منشیات ڈسپلن کو متاثر کرتی ہے کردار بدل دیتی ہے، صرف پولیس سے جرائم کی جدو جہد نہیں کی جا سکتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ڈرگ اور کرپشن کے خلاف معاشرہ مل کر لڑے، ہمیں نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانا ہے، منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.