کشمیر آرفن ٹرسٹ ایل او سی متاثرین کا مسیحا بن گیا،امدادی چیک،سامان تقسیم

0

فوٹو : فائل

مظفرآباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کنٹرول لائن وادی نیلم کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی حالیہ گولہ باری سے گھروں کے نقصان پر فلاحی ادارہ کشمیر آرفن ٹرسٹ نے متاثرین میں امدادی سامان اور چیک تقسیم کیئے.

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر آٹھمقام پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں متاثرین میں راشن اور چیک تقسیم کے علاوہ شہداء کے ورثاء، زخمیوں کو بھی چیک دیئے گئے،کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر، چیئرمین جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ الطاف احمد بٹ نے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا.

چوہدری محمد اختر اور الطاف بٹ نے تہجیاں میں بھی متاثرین میں راشن اور چیک تقسیم کیئے جبکہ شاردہ میں رات قیام کے بعد صبح متاثرین میں راشن،چیک اور دیگر ضروری سامان تقسیم کرنے کے بعد کیل کا دورہ بھی کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ بھی فلاحی تنظیم کے ساتھ پیش پیش رہی۔

چوہدری محمد اخترنے مکمل جل جانیوالے مکان کی متاثرہ فیملی کو چیک دیئے اور شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی بھی مالی امداد کی گئی، وادی نیلم کا دورہ مکمل کرنے کے بعد چوہدری محمد اختر، الطاف احمدبٹ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے رضاکاران سمیت وادی لیپا دورے پر روانہ ہوئے۔

چیئرمین کے او آر ٹی چوہدری محمد اختر نے
بھارتی گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مدد جاری رکھیں گے، تاکہ جتنے گھر بھارتی شیلنگ سے تباہ ہوئے شیٹس اور چیک تقسیم کیئے ہیں تاکہ وہ اپنا گھر تعمیر کرسکیں.

انھوں نے کہاجزوی نقصانات والے مکانات متاثرہ خاندانوں میں بھی چیک اور ایک ماہ کا راشن بھی تقسیم کیا ہے، انہوں نے کہا کہ متاثرین ایل او سی بھرپور مدد کے حقدار ہیں، دنیا کو پیغام دیتا ہوں کہ کشمیری کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے.

چیئرمین سالویشن موومنٹ الطاف احمد بٹ نے کہا کہ کے او آر ٹی کی وساطت سے متاثرین کی مدد جاری رہے گی، بھارت نے شاردہ ویلی میں چار سو گولے مارے ہیں دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے جہاں مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر ظلم کیا گیا ہے وہیں ایل او سی کے علاقے خاص کر وادی نیلم، لیپا اور پونچھ کے نہتے عوام پر بھی اپنا غصہ نکالا ہے، بھارت کشمیریوں کی آزادی کی تحریک سے خوفزدہ ہے.

اسی وجہ سے بھارتی فورسز نہتے عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارتی ظلم و جبر اور ایل او سی پر نہتے عوام پر گولہ باری کا نوٹس لینا ہوگا تاکہ خطہ میں امن قائم ہو سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.