پی ٹی آئی مزید اقتدار میں رہی تو ملک کو دیوالیہ کر دیگی،آفتاب شیر پاؤ
ریاض (زمینی حقائق ڈاٹ کام)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونخواہ عوام کی آواز اور انکے مسائل کا حل ہے جس نے ہمیشہ پختونخواہ کے مسائل کو اجاگر کیا ہے.
سعودی عرب میں قومی وطن پارٹی کے آٹھویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب احمد شیرپاؤ نے کہا ہماری پارٹی نے پاکستان کے درپیش مسائل کے حل اور قومی سیاست میں اپنا کردار نبھایا ہے.
انھوں نے کہا کہ آج ملک کا سب سے بڑا مسلہ موجودہ پی ٹی آئی سرکار ہے جس نے اپنی نااہلی سے ملک کو بے شمار مسائل میں الجھا کر رکھ دیا ہے آج ملک بدترین مہنگائی، بے روزگاری کا شکار ہوچکا ہے.
آفتاب شیر پاؤ نے کہا عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں ہم چاہتے تھے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے مگر پی ٹی آئی مزید برسراقتدار رہی تو ملک کو دیوالیہ کر دے گی اور اپنی نااہلی اور ہٹ دھرمی سے ملک کو مزید پیچیدہ مسائل میں الجھا دے گی.
اس لئے عوامی طاقت کے ساتھ ملکر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم اس حکومت سے چھٹکارا چاہتی ہے اور نئے الیکشن کروانے کا مطالبہ کر رہی ہے اور 22 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا.
انھوں نے کہا کہ یہ جلسہ موجودہ حکومت کے خلاف آخری کیل ثابت ہوگا کیونکہ قومی حکومت کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت بھی بری طرح ناکام ہوچکی ہے.
تقریب سے سعودی عرب میں قومی وطن پارٹی کے صدر اقبال ودود نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونخواہ کی ترقی و خوشحالی چاہتی یے اور پارٹی کے مرکزی رہنماؤں حیات محمد شیرپاؤ مرحوم اور آفتاب شیر پاو نے ہمیشہ صوبے کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کیا.
قومی وطن پارٹی کے اوورسیز ورکرز نے بھی جس طرح کام کیا ہے وہ بھی قابل تحسین ہے اور پارٹی منشور کو لوگوں تک پہنچانے کا فریضہ سرانجام دے ہیں کورونا وائرس کے دوران سعودی عرب میں سب سے زیادہ پختون کیمونٹی متاثر ہوئی.
انھوں نے کہا کہ امداد کے لئے قومی وطن پارٹی دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں کے ساتھ امدادی اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہی اور ہمیں ملکر کورونا وائرس سے بچاو کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے.
اقبال ودود نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لئے دعاگو ہیں کہ وہ مملکت کی ترقی و خوشحالی میں کامیاب رہیں، نئی اصلاحات کی گئی ہیں اس سے مزید بہتری آئے گی.
تقریب سے اکبر بادشاہ، عطامحمد ،الحاج شیر عالم خان، سید نواب خان. تل حیات خان، عبدالستار خان مہمند نے بھی خطاب کیا اور قومی وطن پارٹی کے آٹھویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی اور عہد کیا کہ وہ قومی وطن پارٹی کے لئے سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے.