ریاض،پاکستان انٹرنیشنل سکول میں تقسیم انعامات کی تقریب
ریاض (شاہ جہاں شیرازی)سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ میں فیڈرل بورڈ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں انعامات دینے کی تقریب منعقد ہوئی.
تقریب میں سکینڈری اور ہائیر سیکنڈری 2019 کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سفارت خانہ پاکستان کے ناصریہ سکول کے لنک آفیسر ویلفیر اتاشی عبدالشکور شیخ کے علاوہ پرنسپل ائیر کموڈور ریٹائرڈ نعیم اختر اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے.
مہمان خصوصی عبدالشکور شیخ نےتقریب سے خطاب میں کہا کہ آج سے چند سال قبل پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ کی صورت مخدوش حالات کا شکار تھی مگر جب نیت نیک ہو تو تمام تر چیلنجز سے نبردآزما ہوا جاسکتا یے.
گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال جس طرح بچوں کی لگن اور اساتذہ کی محنت کے باعث امتحانات میں رزلٹ آیا ہے اس سے سکول کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، پرنسپل سمیت اساتذہ اور والدین کی کمیٹی نے کردار نبھایا ہے.
انھوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل سکول پر لوگوں کا اعتماد بڑھا ہے اور ایک معیاری تعلیم کے حصول کے لئے پاکستان انٹرنیشنل سکول نے کیمونٹی میں اپنا اچھا مقام بنایا ہے.
بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عبدالشکور شیخ نے کہا کہ پاکستان سے باہر پاکستانی بچے جہاں ہمارے معمار پاکستان ہیں وہیں پر ہمارا فخر بھی ہیں انکی کامیابی سے ہمارا سر فخر سے بلند ہوا ہے.
والدین، اساتذہ اور بچوں کی اپنی محنت شامل ہے یہی اور ان جیسے سینکڑوں بچے اسی طرح آگے بھی تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے اور مستقبل میں ملک و قوم کی بہتر طور پر خدمت کر سکیں گے.
سکول کے پرنسپل ائیر کموڈور ریٹائرڈ نعیم اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل سکول نے تعلیمی میدان میں بچوں کو سازگار ماحول مہیا کیا ہے ان کی تعلیمی قابلیت کو بڑھانے کے لئے ماہر تعلیم کے ذریعے خصوصی لیکچرز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے.
بچوں میں اعتماد سازی اور جدید تعلیمی نظام سے آراستہ کیا گیا اس کے علاوہ اساتذہ نے جس لگن اور محنت سے بچوں کو پڑھایا ہے اس کی بھی جتنی تعریف کی جاے کم ہے کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن ایجوکیشن کے ذریعے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے.
انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ برسوں میں اس سے بھی مزید اچھا رزلٹ دینے میں ہم کامیاب ہوسکیں تقسیم انعامات کی تقریب میں ہانیہ اذکار، ریان ملک، محمد علی باجوہ، مومنہ ناصر اور موحد منصور کو سپیشل ٹرافیاں، شیلڈز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا.
طلباو طالبات میں عبدالمتین، زینب ملک، اریبہ مجتبٰی، محمد انس، عبدالحنان، احمد باجوہ، ریان ملک، محمد ریان خان نیازی، کومل خان، عبداللہ، سعدیہ، ردا خالد، محمد طلحہ خان، وفا عمر، حراء نور، اقصی عاشق، روہما عارف، حیا جواد، غزالہ رشید، حسنہ، لیبہ شکیل، آسیہ عابد کو نمایاں پوزیشن لینے پر شیلڈز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا.