ساہیوال میں مبینہ سی ٹی ڈی مقابلہ، 4 افراد جاں بحق
ساہیوال ( ویب ڈیسک) ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں خاتون اور بچی سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے دو بچے زخمی ہوگئے۔
متاثرہ خاندان شادی پر لاہور سے بوریوالا جا رہا تھا، جاں بحق ہونے والے خلیل کی والدہ بھی صدمے سے دم توڑ گئی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود افراد کے پاس اسلحہ تھا نہ ہی انہوں نے مزاحمت کی.
سی ٹی ڈی کے دعووٴں کے مطابق کارروائی ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب کی گئی، دوپہر 12 بجے کاراور موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی گئی، اہلکاروں کی فائرنگ سے چار مبینہ دہشتگرد ہلاک جبکہ شاہد جبار، عبد الرحمان اور ان کا ایک ساتھی فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مبینہ دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، آپریشن میں مارا گیا ایک دہشتگرد ذیشان ہے، یہی دہشتگرد یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے اغواء میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق مارے گئے افراد پنجاب میں داعش کے سب سے خطرناک دہشتگردوں میں شامل تھے اور یہی دہشتگرد امریکی شہری وارن وائن اسٹائن کیاغوا میں بھی ملوث تھے۔
وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس لینے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ساہیوال واقعے میں ملوث محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) پنجاب کے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
اس حوالے سے دنیا نیوز کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے اور یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میانوالی سے لاہور آنے کے بجائے ساہیوال روانہ ہوگئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ساہیوال واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی جس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی پولیس سید اعجاز شاہ ہوں گے۔